کراچی (سید وزیر علی قادری) آئی سی سی انڈر 19کرکٹ ورلڈکپ 2020ء کے گروپ مرحلے کے اختتام پر ،عباس آفریدی پاکستانی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر ہیں۔ فاٹا سے تعلق رکھنے والے نوجوان آل راؤنڈر، جنوبی افریقا میں میگا ایونٹ میں اب تک 8 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔دائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے میڈیم پیسر، عباس آفریدی نے اسکواڈ میں شامل طاہر حسین، محمد وسیم اور عامر خان کے ہمراہ اسکاٹ لینڈ، زمبابوے اور بنگلا دیش کے خلاف شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا۔اب تک ایونٹ میں پاکستان انڈر19 کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے عباس آفریدی کی بیٹنگ کرنے کی قابلیت بھی انہیں دیگر کھلاڑیوں سے منفرد بناتی ہے۔ایونٹ کے پہلے میچ میں پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو 75 رنز پر ڈھیر کردیا تھا اس میچ میں عباس آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کی تھیں۔نوجوان آل راؤنڈر نے زمبابوے کے خلاف میچ کے 39ویں اوور میں یکے بعد دیگر 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا کر میچ کاپانسہ پلٹ دیا تھا۔ اوور کے آغاز سے قبل حریف ٹیم کو جیت کے لیے 72 گیندوں پر 88 رنز درکار تھے۔ اس موقع پر زمبابوے کی 7وکٹیں بھی باقی تھیں۔ عباس آفریدی نے میچ میں مجموعی طور پر 3 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ عباس آفریدی نے آخری گروپ میچ میں بھی عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے فاسٹ بولر عامر خان کے ہمراہ نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے محض 25 اوورز میں 106 رنز پر حریف ٹیم کے 9کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھجوادیا تاہم بارش کے باعث میچ مکمل نہیں ہوسکا تھا۔ بارش کی نذر ہونے والے میچ میں عباس آفریدی نے7اوورز میں 20 رنز دے کر3وکٹیں حاصل کیں۔نوجوان کھلاڑی عباس آفریدی کا کہنا ہے کہ تاحال وہ آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020ء میں اپنی کارکردگی سے خوش ہیں۔انہوں نے کہاکہ وہ ایونٹ میں عمدہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔عباس آفریدی نے کہا کہ وہ اب تک ایونٹ میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر ہیں تاہم ان کا ہدف ایونٹ کا بہترین آل رائونڈر بننا ہے تاکہ وہ اپنی بولنگ اوربیٹنگ دونوں سے پاکستان انڈر19 ٹیم کو فتح دلاسکیں۔نوجوان آل راؤنڈر نے کہا کہ وہ سیمی نیو بال سے بولنگ کرنا پسند کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ بولنگ میں ورائٹی لانے کی کوشش کرتے ہیں۔ عباس آفریدی نے کہا کہ وہ سیم کے ساتھ ساتھ سلو گیندکرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جس کے نتائج گذشتہ تینوں میچوں میں دیکھے جاسکتے ہیں۔ایونٹ کے سپر لیگ کوارٹر فائنل مرحلے میں 31 جنوری کو بینونی میں افغانستان سے شیڈول میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے نوجوان آل راؤنڈر نے کہا کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم اس سے قبل ایشیا کپ میں حریف ٹیم کو 160 رنز پر ڈھیر کرچکی ہے، انہیں امیدہے کہ میگا ایونٹ میں بھی وہ افغانستان انڈر 19 ٹیم کو کم اسکور تک محدود رکھیں گے۔عباس آفریدی پاکستان سینئر کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قومی انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد اور بولنگ کوچ راؤ افتخارکی جانب سے کھلاڑیوں کے ساتھ کی گئی محنت کے نتائج سب کے سامنے ہیں۔ نوجوان آل راؤنڈر نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان آئندہ میچ میں افغانستان کو شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلے گا۔قومی انڈر 19 ٹیم گزشتہ روز پوچیف اسٹروم سے جوہانسبرگ روانہ ہوئی۔ قومی انڈر 19 اسکواڈ آج سے جوہانسبرگ میں ٹریننگ کا باقاعدہ آغاز کرے گا۔2 مرتبہ کی چیمپئن پاکستان انڈر 19 ٹیم، افغانستان انڈر19 ٹیم کیخلاف میچ 31 جنوری بینونی میں کھیلے گی۔
ورلڈکپ انڈر 19 میں عباس آفریدی کی بولنگ موثر ہتھیار ثابت ہوگی
القمر
