English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بنگلا دیش کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی کے دوران عمر گل کے اعزاز میں تقریب

القمر

لاہور (جسارت نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے گذشتہ روز سابق فاسٹ بولر عمر گل کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے فاسٹ بولر عمر گل کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں اعزازی شیلڈ سے نوازا۔ تقریب کا اہتمام پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کے روز کیا گیا۔ عمر گل نے انگلینڈ میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2009ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف 3 اوورز میں 6 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی جو کہ اس وقت ایک عالمی ریکارڈ تھا۔ عمر گل نے ایونٹ میں سب سے زیادہ 13 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ میگا ایونٹ کے فائنل میں پاکستان نے سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ عمر گل کا یہ ورلڈریکارڈ اگست 2011ء میں سری لنکا کے اجنتھا مینڈس نے اس وقت توڑا جب انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف پالی کیلے میں 16 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں فی الحال بہترین بولنگ کا ریکارڈ بھارت کے دیپک چہار کے پاس ہے۔ انہوں نے بنگلا دیش کے خلاف نومبر 2019ء میں 7 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ فاسٹ بولر عمر گل نے 2013ء میں ایک مرتبہ پھر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے ایک میچ میں 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ انہوں نے سنچورین میں جنوبی افریقا کے خلاف 6 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔ عمر گل نے کہا کہ انہوں نے اپنے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر میں پاکستان کیلئے زیادہ سے زیادہ کامیابیاں سمیٹنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پاکستان کی نمائندگی کرنے پر فخر ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے شکرگزار ہیں جنہوں نے ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں اعزاز سے نوازا ہے۔ فاسٹ بولر نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں تبدیلی واضح ہے، یہاں ملک کی خدمت کرنے والے کرکٹرز کو نوازا جانا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے نہ صرف کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے بلکہ نوجوانوں میں ملک کی خدمت کرنے کا جذبہ بڑھتا ہے۔ پی سی بی اس سے قبل سری لنکا کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ میں جاوید میانداداور کراچی ٹیسٹ میں سلیم یوسف اور راشد خان کو اعزاز سے نوازا چکا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے