وفاق اور صوبے کو چلانے والے شہر کے باسی ووٹ ڈالتے ہیں تو اسلام آباد میں حکومت بنتی ہے، وزیر اعلیٰ کے ایک دن کے قیام سے مسائل حل نہیں ہوں گے
سندھ حکومت کے ساتھ 3 سال سے لڑرہے ہیں لیکن مسائل جوں کے توں ہیں، میری وزیر اعظم سے درخواست ہے کہ وہ کراچی کو اس کا جائز حق دیں، تقریب سے خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے وزیراعظم عمران خان سے درخواست کی ہے کہ وہ وفاق اور صوبے کو چلانے والے واحد شہر کراچی کے دیرینہ مسائل کے حل پر توجہ دیں، کراچی کے باسی ووٹ ڈالتے ہیں تو اسلام آباد میں حکومت بنتی ہے لیکن یہاں کے دیرینہ مسائل حل نہیں ہو رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کے کراچی میں ایک دن کے قیام سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ پیر کو پریس کلب میں کراچی میراتھن میں کامیاب ہونے والے سینئر صحافی طاہر صدیقی کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہاکہ میری وزیراعظم سے درخواست ہے کہ وہ کراچی کو اس کا جائز حق دیں، کراچی تباہ حالی کا شکار ہے جہاں سیوریج کا پانی اور کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، نکاسی آب اور کچرے کے مسائل کی وجہ سے شہر میں مہلک بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کراچی شہر پورے سندھ کے ساتھ وفاق کو بھی چلا رہا ہے، کراچی کے متعدد علاقے تین تین ماہ پانی محروم رہتے ہیں، کورنگی کی یو سی 34 کے باسی 25 سال سے پانی کی سہولت سے محروم ہیں، انہوں نے کہاکہ وہ سندھ حکومت کے ساتھ 3 سال سے لڑ رہے ہیں لیکن مسائل جوں کے توں ہیں، سیوریج اور پانی کی فراہمی سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے، انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کے کراچی میں ایک دن کے قیام سے مسائل حل نہیں ہوں گے کراچی وزیراعظم اور وفاق کی توجہ کا طالب ہے۔

