ٹنڈوباگو( نمائندہ جسارت)ٹنڈوباگو کے نواحی گاؤں محمد ابراہیم بکاری میں مسلح افراد نے گھروں کو آگ لگادی، متاثرین نے الزام سابق صوبائی وزیر سید علی بخش شاہ کے چچازاد بھائی جانی شاہ پر لگادیا۔متاثرین کا کہنا ہے کہ مسلح افراد جن کی تعداد بیس سے زائد تھی انہوں نے محمد علی بکاری اور علی احمد بکاری کے گھروں کو آگ لگادی ہے جس کے باعث مذکورہ افراد کے گھر مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئے ہیں اور خواتین کی آہ و بکا جاری ہے، جبکہ آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کا عملہ کوششیں کررہا ہے۔ متاثرین نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ کہ وہ قدیمی طورپر یہاں آباد ہیں لیکن سابق صوبائی وزیر سید علی بخش شاہ المعروف سید پپوشاہ جو اس وقت پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما بھی ہیں ان کے چچازاد بھائی سید جانی شاہ نے گھر خالی کروانے کے لیے گھروں کو آگ لگوائی ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ وہ غریب افراد ہیں جو روزانہ مزدوری کرکے پیٹ گزر کرتے ہیں لیکن اب ان کے گھر تو جل گئے ہیں لیکن انہیں انتظامیہ سے بھی کسی قسم کے انصاف اورملزمان کے خلاف کارروائی کرنے کی امید نہیں ہے کیونکہ ضلعی انتظامیہ مذکورہ بااثر افراد کی منشی گیری کررہی ہے۔
ٹنڈوباگو ، گاؤں محمد ابراہیم بکاری میں مسلح افراد نے گھروں کو آگ لگادی
القمر
