بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) چین میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 132 تک تجاوز کر گئی ہے جب کہ سرکاری طور پر 6 ہزار سے زائد متاثرین کی بھی تصدیق کردی گئی ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق خطرناک وائرس 18 ممالک میں پھیل چکا ہے، جس کے بعد چین کے سوا دیگر ممالک میں متاثرین کی تعداد 91 ریکارڈ کی گئی ہے۔ کئی ممالک نے چین کے ووہان شہر میں پھنسے اپنے باشندوں کو خصوصی پروازوں کے ذریعے نکالنا شروع کردیا ہے۔ اسی دوران گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چین میں مزید 26 افراد کے وائرس سے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق وبا کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے 17 شہروں میں تقریباً 5 کروڑ افراد محصور ہیں، جس کے باعث گنجان آباد شہر ووہان میں ہُو کا عالم ہے۔ علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات نے بدھ کے روز اعلان کیا ہے کہ وہاں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا ہے۔ اس حوالے سے وزارت صحت کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد کی حالت مستحکم ہے اور انہیں طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ مریضوں کا تعلق ایک ہی گھرانے سے ہے، جو چینی شہر ووہان سے واپس آیا ہے۔ اُدھر جرمنی میں بھی محکمہ صحت نے 3 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کردی ہے۔ حکام کے مطابق تینوں کا تعلق جنوبی ریاست بویریا سے ہے۔ منگل کے روز برلن حکام نے ایک کیس کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد اب تعداد بڑھ کر 4 ہو چکی ہے۔ چینی صدر شی جن پنگ کا کہنا ہے کہ ان کا ملک ’شیطان‘ وائرس سے مقابلہ کررہا ہے، جس نے اب تک 100 سے زیادہ لوگوں کی جان لے لی ہے۔ واضح رہے کہ بیجنگ حکومت نے ہنگامی بنیادوں پر 10 روز کے اندر 2 ہزار سے زائد بستروں پر مشتمل 2 بڑے اسپتال بنانے کا کام تیزی سے جاری رکھا ہوا ہے۔
بیجنگ: چین میں تیزی سے پھیلنے والے کورونا وائرس کے شکار جرمن شہری کو طبی امداد کے لیے لے جایا جا رہا ہے‘ ایک ہزار سے زائد بستر پر مشتمل اسپتال کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے‘ ووہان شہر میں ہُو کا عالم ہے
کورونا 18 ممالک تک پھیل گیا،متاثرین 6 ہزار سے متجاوز
القمر
