اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی قوم پر فخر ہے جو ابھرنے کے لیے تیار ہے، پاکستان واحد ملک ہے جس نے دہشت گردی کا کامیابی سے مقابلہ کیا اور بھارتی جارحیت کے جواب میں امن کا پیغام دیا، آج بھارت مذہبی و نسلی بنیادوں پر انتشار کا شکار ہے، موجودہ حالات نے دو قومی نظریے پر مہر ثبت کر دی ہے، پاکستانی ہزاروں سالہ قدیم تہذیب کے وارث ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں ایوان صدر میں پاکستانیت کے موضوع پر کتب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود اور مصنفین جاوید جبار اور عصمت ریاض نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانیت اور میں پاکستان ہوں جیسے موضوعات پر یہ کتابیں ایک اچھا اضافہ ہیںپاکستانی فراخدل قوم ہے، خیرات اور انسانی ہمدردی کے حوالے سے اس کی کوئی مثال نہیں، دنیا ہمیں انسانیت کا درس دیتی ہے لیکن ہم نے 35 لاکھ افغان مہاجرین کو پناہ دی جبکہ 25 لاکھ مہاجرین کی اب بھی میزبانی کر رہے ہیں، دوسری طرف مغربی دنیا نے مہاجرین کو سمندر میں ڈوبنے دیا لیکن اپنے ملکوں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف جارحیت کا ارتکاب کیا تو اسے اس کا بھرپور جواب دیا گیا، بھارت میں جنگ کا ماحول پیدا کیا گیا لیکن پاکستان نے امن کی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی سے بہت کچھ سیکھا ہے، مذہبی یا نسلی بنیادوں پر انتشار قابو میں نہیں رہتا اور یہ طویل عرصہ چلتا ہے، آج بھارت خود اسی گڑھے میں گر گیا ہے اور اس نے مذہبی اور نسلی بنیاد پر ظلم شروع کر رکھا ہے، آج کے حالات نے دو قومی نظریہ پر مہر ثبت کر دی ہے، قائداعظم کے سیاسی تدبر کے آج مخالفین بھی قائل ہو گئے ہیں۔
بھارت مذہبی ونسلی انتشار کے گڑھے میں گر گیا،عارف علوی
القمر
