کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان میں شیڈول ایشیا کپ کے حوالے سے بھارت کی جانب سے دی گئی دھمکی جس میں کہا گیا ہے کہ وہ پاکستان آکر ٹورنامنٹ نہیں کھیلے گی، پاکستان کرکٹ بورڈ نے دو ٹوک الفاظ میں اس بات کا اعادہ کیا کہ ایشیائی میگا ایونٹ پاکستان میں ہی اور شیڈول کے مطابق ہوکا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے بھارت کے لیے سافٹ کارنر رکھا ہے اور اس بات کا آپشن رکھا ہے کہ وہ نیوٹرل مقام پر بھارت کے خلاف میچز کھیلنے کو تیار ہے۔ پاکستان میں سری لنکا اور بنگلا دیش کے ٹیمیں پہلے ہی مختلف فارمیٹس کی کرکٹ سیریز کھیل کر واپس جاچکی ہیں اور بنگال ٹائیگرز آئندہ ماہ فروری میں پہلا ٹیسٹ کھیلنے واپس پاکستان آئے گی جہاں 7تا 11فروری راولپنڈی میں میچ کھیلا جائے گا۔ بنگلا دیش اپریل میں دوبارہ آئے گی اور دوسرا ٹیسٹ کراچی میں آکر کھیلے گی اس کے علاوہ ایک روزہ انٹرنیشنل میچ بھی اسی شہر میں شیڈول ہے۔یہ ہی نہیں ایم سی سی بھی پاکستان کی میزبانی میں میچز کھیلنے پاکستان آرہی ہے جس کے لیے ٹیموں کا اعلان کیا جاچکا ہے۔اسپورٹس کے حلقوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کا اس موقع پر بھارت کی جانب سے دی گئی دھمکی پر ردعمل ظاہر کرتے ہویے کہنا ہے کہ یہ بہت ہی غیر منطقی بات ہے کہ کوئی ٹیم اس وقت پاکستان میں آکر کھیلنے سے انکار کرے۔ دراصل بھارت کو خوف ہے کہ جو مظالم مقبوضہ کشمیر میں وہاں کے مظلوم شہریوں پر ڈھائے جارہے ہیں اس کا کوئی بھی ردعمل پاکستان میں ہوسکتا ہے جس کا سامنا کرنا بھارتی ٹیم نہیں کر پائے گی۔ لہذا ایک طرف وہ خوف ذدہ ہے کہ اگر پاکستان میں آکر اس نے کوئی سا بھی آئی سی سی یا ایشین کرکٹ کونسل کا اعلان کردہ میگا ٹورنامنٹ کھیل لیا تو دنیائے کرکٹ میں موجود دوسری ٹیمیں فوری طور پر پاکستان آکر کھیلنے کو تیار ہوجائیں گی۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس افواہ کو رد کردیا کہ بنگلا دیش کو یہ ایونٹ دیا جارہا ہے ۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ تو ممکن ہی نہیں ہے ہاں البتہ بھارت کے ساتھ میچز کھیلنے کے حوالے سے امارات یا ڈھاکا کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔
بھارت کا پاکستان میں کھیلنے سے انکار ،ایشیا کپ اپنے وقت پر ہوگا،پی سی بی
القمر
