کراچی (سید وزیر علی قادری)پاکستان سپر لیگ کے 5 ویں ایڈیشن کے سلسلے میں ملک میں جہاں شائقین کرکٹ خوش ہیں اور اس کا بے چینی سے انتظار کررہے ہیں وہیں پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس کو چیلنج سمجھتے ہویے اس کے انعقاد کے سلسلے میں کمر کس لی ہے۔ پی ایس ایل کا یہ پہلا ایڈیشن ہوگا جس کے تمام میچز پاکستان میں ہی کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ کی افتتاحی تقریب کراچی میں اور فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔ اس کے علاوہ راولپنڈی اور ملتان بھی میزبانی کا اعزاز حاصل کرینگے۔ کچھ روز قبل لاہور میں پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان کھیلی گئی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں گرین شرٹس نے مہمان ٹیم کو کلئین سوئپ کیا۔ اسی کے ساتھ کرکٹ کے شیدائی اور متوالوں نے اپنی نظریں پی ایس ایل پر لگا لی ہیں جو 20فروری سے شروع ہوگا اور اس کا اختتام 22مارچ کو ہوگا۔ افتتاحی تقریب نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقد ہوگی جس کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کراچی سینٹر کی انتظامیہ نے پی سی بی ہیڈکوارٹر کی ہدایات اور رہنمائی میں اس کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ اس سلسلے میں شائقین کرکٹ کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر اجلاس منعقد ہورہے ہیں اور ہیڈکوارٹر لاہور میں اس کی رپورٹ بھیجی جارہی ہے۔گزشتہ روز اسٹیڈیم کے مختلف انکلوژر میں کرسیوں کی مرمت کے علاوہ واش رومز وغیرہ کو بھی درست کرنے کا کام جاری رہا۔ واضح رہے کہ منگلا کو پی ایس ایل ایڈیشن 5کا ترانہ بھی جاری کردیا گیا جس کے بعد پورے ملک میں شائقین کرکٹ کا جوش بھی بڑھ گیا ہے اور انتظار ہے کہ کب قومی اور بین الاقوامی کرکٹرز اپنے جوہر دکھائیں اور وہ اسٹیڈیم کا رخ کریں۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل 5 کی تیاریوں کا آغاز
القمر
