بحریہ ٹائون کی انتظامیہ پلاٹوں کی منسوخی35 فیصد ڈیولپمنٹ ٹیکس سمیت دیگر غیر قانونی اقدامات فوری واپس لے
جماعت اسلامی بحریہ ٹائون کے متاثرین کے ساتھ ہے‘ حافظ نعیم الرحمن اور دیگر کا گرینڈ کنونشن سے خطاب
کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ بحریہ ٹائون کی انتظامیہ کی جانب سے ہزاروں الاٹیز کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اور ظالمانہ اور غیر قانونی اقدامات اور ناجائز طور پر پریشان کرنے کے خلاف جمعہ 31جنوری کو شام 4بجے متاثرین کے ہمراہ بحریہ ٹاور طارق روڈ پر دھرنا دیا جائے گا۔ ملک ریاض متاثرین کے مسائل کے حل کا ٹائم فریم دیں ۔ اُن کو ان کا حق دیں ،متاثرین کے ساتھ روا رکھی جانے والی زیادتیوں کا ازالہ کریں ۔ متاثرین کا حق غصب نہیں کرنے دیا جائے گا ۔ پلاٹوں کی منسوخی ، 35فیصد ڈیولپمنٹ ٹیکس ،31جنوری تک پزیشن حاصل کرنے پرمجبور کرنے سمیت دیگر غیر قانونی اقدامات فی الفور واپس لیے جائیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں ’’متاثرین بحریہ ٹائون گرینڈ کنونشن‘‘ سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کنونشن میں متاثرہ الاٹیز کی بڑی تعداد نے شرکت کی جس میں خواتین بھی شامل تھیں اور بحریہ ٹائون کی انتظامیہ کے غیر قانونی اقدامات ، دھمکی آمیز رویے اور اپنے مسائل بیان کیے ۔ کنونشن سے جماعت اسلامی پبلک ایڈ کمیٹی کے صدر سیف الدین ایڈووکیٹ ، سیکریٹری نجیب ایوبی ، متاثرہ الاٹیز عامر مجید ، فیصل حیات ، کلیم احمد ، ندیم شیخ ، نظام الدین ، احتشام الدین اور دیگر نے خطاب کیا ۔ کنونشن میں متاثرین کی جانب سے مختلف قرار دادیں بھی پیش کی گئیں جنہیں متفقہ طور پر منظور کیا گیا ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہم بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں ۔ ہم لڑائی نہیں چاہتے بلکہ آئینی اور قانونی طور پر ہزاروں الاٹیز کے مسائل حل کرانا چاہتے ہیں ۔ ملک ریاض اگر تعاون کریں اور ان کے مسائل حل کردیں تو سب کے لیے بہتر ہوگا ۔

