English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اقبال قاسمی پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ مقرر

القمر

لاہور(جسارت نیوز )سابق ٹیسٹ اسپنر اقبال قاسم کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا گیا۔کمیٹی کا اجلاس سہ ماہی بنیادوں پر طلب کیا جائے گا، کمیٹی کے دیگر اراکین میں وسیم اکرم (سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم اور موجودہ کمنٹیٹر)،عمر گل (سابق ٹیسٹ کرکٹر بطور نمائندہ ڈومیسٹک کرکٹرز)، عروج ممتاز (چیف سلیکٹر قومی خواتین کرکٹ بطور نمائندہ ویمنز کرکٹ)، علی نقوی (سابق ٹیسٹ کرکٹر بطور نمائندہ میچ آفیشلز) شامل ہیں۔ان 5اراکین کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان بھی کمیٹی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ پی سی بی کے دونوں نمائندگان بطور کو ممبرکمیٹی کا حصہ ہیں۔کمیٹی ، چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو کرکٹ سے متعلق امور پر تجاویز پیش کرے گی، جس میں قومی کرکٹ ٹیموں کی کارکردگی، ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر، ہائی پرفارمنس سنٹرز اور پلیئنگ کنڈیشنزجیسے امور شامل ہیں۔کمیٹی کو اختیار ہوگا کہ وہ متعلقہ فرد کی کارکردگی کا جائزہ لینے کی غرض سے انہیں اجلاس میں طلب کرسکتی ہے،چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ وہ تمام معزز اراکین کو کرکٹ کمیٹی میں شمولیت پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ وہ انتہائی تجربہ کاراور کرکٹ کے علم سے مالامال اراکین کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی کا کہنا ہے کہ یہ کمیٹی کھیل کے تمام ا سٹیک ہولڈرزکی نمائندگی کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کمیٹی مکمل طور پر آزاد ہے جو پی سی بی کو کھیل کی ساکھ میں بہتری لانے کے لیے مشورے دے گی۔پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ اقبال قاسم کا کہنا ہے کہ وہ یہ اہم ذمہ داری دینے پر پی سی بی کے مشکور ہیں، اب وہ اسے نبھانے کے لیے اپنے کرکٹ اور کارپوریٹ تجربے کی روشنی میں بہترین نتائج دینے کی کوشش کریں گے۔اقبال قاسم نے کہا کہ کرکٹ کمیٹی میں شامل تمام اراکین کسی نہ کسی طرح کھیل سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان باصلاحیت اور ذہین ارکین کی مشاورت کے ساتھ ہم کھیل سے متعلق بہترین تجاویز تیار کریں گے، سربراہ کرکٹ کمیٹی نے کہا کہ پاکستانی عوام کرکٹ سے محبت کرتے ہیں اور ہم سب اس کھیل میں برابر کے اسٹیک ہولڈرز ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے