حکومت نے بحریہ ٹائون کو تحفظ دینے کیلئے پر امن متاثرہ الاٹیز کو روکا اور جبرو تشدد کیا تو ملک گیر احتجاج کیا جائے ٗ حافظ نعیم
پی ٹی آئی ٗ ایم کیو ایم ٗ پی پی اور دیگر جماعتیں مسائل پر کیوں خاموش ہیں ٗ جماعت اسلامی کے تحت طارق روڈ پر احتجاجی دھرنے سے خطاب
کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ بحریہ ٹائون کی انتظامیہ کی جانب سے ہزاروں الاٹیز کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اور ظالمانہ اور غیر قانونی اقدامات اور ناجائز طور پر رقم طلب کرنے اورپریشان کرنے کے خلاف اتوار9فروری کو متاثرین کے ہمراہ وزیر اعلیٰ ہاؤس پر دھرنا دیا جائے گا۔ ملک ریاض متاثرین کے مسائل کریں، اُن کو ان کا حق دیں ،متاثرین کے ساتھ روا رکھی جانے والی زیادتیوں کا ازالہ کریں ، متاثرین کا حق غصب نہیں کرنے دیا جائے گا ،حکومت نے اگر بحریہ ٹاؤن کو تحفظ دینے کے لیے پرامن متاثرہ الاٹیز کو روکا یاان کے خلاف کسی جبر وتشدد کا راستہ اختیار کیا تو ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا،مسائل کے حل کے لیے بھرپور دستخطی مہم چلائی جائے گی،25000الاٹیز کے دستخط کے ذریعے بحریہ ٹاؤن انتظامیہ کو مجبور کریں گے کہ وہ الاٹیز کا مسئلہ جلد حل کرے ،صدر مملکت وزیر اعظم اور دیگر حکومتی ذمہ داران سے ملاقاتیں کی جائیں گی،پلاٹوں کی منسوخی ، 35فیصد ڈیولپمنٹ ٹیکس ختم کیے جائیں، پی ٹی آئی ، ایم کیو ایم ، پیپلز پارٹی اور پی ایس پی بحریہ ٹاؤن کے ہزاروں الاٹیز کے مسائل پر کیوں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں؟۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے تحت بحریہ ٹاور طارق روڈ پر متاثرہ الاٹیز کے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ دھرنے سے صدر پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی سیف الدین ایڈووکیٹ ،سکریٹری نجیب ایوبی ،متاثرہ الاٹیز سلمان خان ، عبد الخالق ، الیاس احمد خان ،نظام الدین ،محمد اسرار ، جنید یونس ،معذور الاٹیز محمد رشید اور ایک بچی صباحت سمیت دیگر شرکانے بھی اپنے مسائل بیان کیے ۔دھرنے کے شرکا ء نے بحریہ ٹاؤن انتظامیہ کے خلاف مختلف بینرز اور پلے کارڈ بھی اٹھائے ہوئے تھے ۔

