English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پاسپورٹ کی آدھے گھنٹے کے اندر اجراء کی تیاری مکمل

پریمیئر سروس کے عوض محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن فیس کے علاوہ 1500 روپے اضافی وصول کرے گا
کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک بھر میں پریمیئر سروس جلد شروع کی جائے گی، ذرائع
کراچی (کرائم رپورٹر)محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن نے پر یمئیر سروس کے ذریعے آدھے گھنٹے کے اندر پاسپورٹ کے اجراء کی تیاری مکمل کرلی، پر یمئیر سروس سے فائدہ اٹھانے کے لیے مروجہ فیس کے علاوہ 1500 روپے اضافی ادا کرنے ہونگے۔محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے ذرائع کے مطابق پاسپورٹ بنوانے یا اس کی تجدید کے خواہشمندوں کے لئے مزید آسانیاں پیدا کر دی گئی ہیں کیونکہ اب پاسپورٹ بنانے والوں کو نہ گھنٹوں طویل قطاروں میں لگنا پڑے گا اور نہ ہی ایجنٹوں کے ہاتھوں خوار ہونا پڑے گا۔ بلکہ پاسپورٹ کی پریمیئر سروس کے تحت آن لائن بکنگ کے بعد اپنا پاسپورٹ باآسانی بنوا سکیں گے۔ مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ بنانے کے لیے آن لائن بکنگ کے بعد پاسپورٹ کے حصول کے خواہشمندوں کو ان کی مرضی کے مطابق وقت دے دیا جائے گا، جس وقت کی بکنگ ہوگی پاسپورٹ بنانے والے کو اس وقت پر پہنچنا لازمی ہوگا اگر کسی وجہ سے کچھ تاخیر ہو یا منسوخ کرانا ہو تو فوری آن لائن پریمیئر سروس کو آگاہ کرنا پڑے گا۔پریمیئر سروس کے تحت 10 سے 15 منٹ میں اپنا مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ بنانے کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ پریمیئر سروس کے عوض محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن فیس کے علاو ہ 1500 روپے اضافی سروس چارجز کے طور پر وصول کرے گا۔ پریمیئر سروس کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک بھر کے بڑے شہروں میں جلد ہی شروع کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے