ٹریفک پولیس آج سے ون وے کی خلاف ورزی پرگرفتاری نہیں کریگی ، گرفتاریوں پر سندھ حکومت کواعتمادمیں نہیں لیاگیاتھا
وزیراعلیٰ سندھ اس معاملے پرفکرمندتھے، ایڈیشنل آئی جی نے گرفتاریاں روکنے کی مکمل یقین دہانی کرائی ہے،مرتضیٰ وہاب
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت کاون وے کی خلاف ورزیوں پر گرفتاریاں روکنے کااعلان کردیا اور کہا ہے کہ ٹریفک پولیس کل سے ون وے کی خلاف ورزی پرگرفتاری نہیں کریگی ، گرفتاریوں پر سندھ حکومت کواعتمادمیں نہیں لیاگیاتھا۔تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر گرفتاریوں کے معاملے پر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ایڈیشنل آئی جی پولیس سے رابطہ کیا اور کہا گرفتاریوں پر سندھ حکومت کواعتمادمیں نہیں لیاگیاتھا۔بیرسٹرمرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ایڈیشنل آئی جی نے مکمل یقین دہانی کرائی ہے، وزیراعلی سندھ اس معاملے پرفکرمندتھے۔سندھ حکومت نے ون وے کی خلاف ورزیوں پر گرفتاریاں روکنے کااعلان کرتے ہوئے ایف آئی آرکااندراج روکنے کا بھی حکم دیا اور کہا ٹریفک پولیس کل سے ون وے کی خلاف ورزی پرگرفتاری نہیں کریگی۔خیال رہے کراچی میں ٹریفک پولیس کی جانب سے ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف آپریشن جاری ہے اور ون وے کی خلاف ورزی پر ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت لایا جارہا ہے اور 5ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا جارہا ہے۔یاد رہے کراچی میں ون وے کے خلاف مہم کا آغاز کیا گیا تھا اور پہلے روز ہی 11 لاکھ 46 ہزار 650 روپے کے جرمانے کیے گئے جبکہ 120 ڈرائیوروں کو گرفتار کرکے مقدمات درج کئے گئے تھے۔آئی جی سندھ کلیم امام کا کہنا تھا کہ شہری رانگ وے اور ون وے کی خلاف ورزی سے اجتناب کریں اور اپنے پیاروں اور دوسروں کو حادثات سے بچائیں، شارٹ کٹ، جلد بازی اکثر جان لیوا حادثات کا سبب بنتے ہیں، ہائی اسپیڈ، اوور ٹیکنگ، رانگ وے پر گاڑی چلانے سے گریز کریں۔#

