سندھ حکومت کی کارکردگی میں بہتری نہیں آرہی ہے‘ صحت کے عہدے کیلئے فضل اللہ پیچوہو کا کام قابل قبول نہیں ہے
صوبے میں جب بھی عہدوں کی بات ہوتی ہے تو تنازعات پیدا ہوجاتے ہیں ‘فردوس شمیم ‘حلیم عادل شیخ کی پریس کانفرنس
کراچی(اسٹاف پورٹر)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے محتسب کے عہدے کے لیے ہم سے مشاورت نہیں کی، گورنر آئین کے تحت سندھ حکومت کا بوریا بستر گول کرسکتا ہے۔جمعہ کو سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی رہنماوں نے پریس کانفرنس کی جس میں فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ سندھ کی کارکردگی میں بہتری نہیں آرہی، ہم سمجھتے ہیں اب چیف سیکریٹری کو بھی جانا چاہیے صوبے میں جب بھی عہدوں کی بات ہوتی ہے تنازعات پیدا ہوتے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما نے بتایا کہ سندھ میں پیر کو محتسب کا عہدہ خالی ہونے جارہا ہے، پی پی کی کوشش ہے کہ فضل اللہ پیچوہو کو محتسب لگایا جائے، مگر یہ نام ہمیں قابل قبول نہیں ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ہم آئی جی سندھ کے معاملے پر درست سمت جارہے تھے، لیکن سندھ حکومت نے معاملہ خراب کیا۔اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا کہ گورنر آئین کے تحت سندھ حکومت کا بوریا بستر گول کرسکتا ہے، تاہم ابھی ماحول نہیں کہ گورنر ایسا کریں۔انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے پولیس افسران کو دھمکیاں دیں اور انہیں کہا کہ آئی جی کا ساتھ دیا تو سب کو ٹھیک کردوں گا۔

