مشترکہ منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے مکمل تعاون کیاجائیگا ،وفاقی وزیر، کراچی سرکلرریلوے منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ملاقات،سندھ میں مشترکہ ترقیاتی منصوبوںپر تبادلہ خیال
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ملاقات کی ، ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے سندھ میں مشترکہ ترقیاتی منصوبوںسے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات کے بعد جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور وزیراعلیٰ سندھ کے درمیان گریٹر کراچی واٹر سپلائی سکیم ،کراچی سرکلر ریلوے ، حیدر آباد یونیورسٹی ، جامشورو اور سیہون شریف روڈ سمیت دیگر وفاق اور سندھ حکومتوں کے مشترکہ ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ملاقات میں وفاقی وزیر نے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کو یقین دہانی کرائی کہ سندھ میں ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد میں مکمل تعاون کیا جائے گا ۔اسد عمر نے کہا کہ سندھ میں وفاق اور صوبائی حکومت کے مشترکہ ترقیاتی منصوبوں پر کوئی سیاست نہیں کی جائے گی اور وفاقی حکومت سندھ کیساتھ ہرممکن تعاون کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔انہوں نے کہاکہ سندھ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ بورڈ کے باقاعدگی سے اجلاس ہورہے ہیں اور وفاقی حکومت مشترکہ منصوبوں کی جلد تکمیل کے لئے مکمل تعاون کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ کراچی سرکلرریلوے منصوبے پر کام تیز کرنے کے لئے ہدایات جاری کردی گئی ہیں ۔اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت بھی وفاق کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کے لئے تیار ہے اور زیر التواء معاملات باہمی مشاورت سے حل کرنا چاہتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ مشترکہ منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ضرورت ہے ۔

