گانے اور گلوکاروں کی حمایت میں ٹوئٹر پر بیان جاری کردیا
فنکاروں کی کوششوں کو بھی سراہا جانا چاہیے ٗ علی ظفر
کراچی( مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کے پانچویں سیزن کے آفیشل گانے تیار ہیں پر کی جانیوالی تنقید علی ظفر سے برداشت نہ ہوئی اور انہوں نے گانے اور گلوکاروں کی حمایت میں ٹوئٹر پربیان جاری کیا ہے۔ تین روز قبل پی ایس ایل5 کا آفیشل گانا تیار ہیں ریلیز کیا گیا جسے پاکستان کے4 بڑے گلوکاروں علی عظمت‘ عارف لوہار‘ ہارون رشید اور عاصم اظہر نے مل کر گایا ہے۔ تاہم گانے کی ریلیز کے بعد بہت سے لوگوں کی امیدیں مایوسی میں بدل گئیں کیوں کہ گزشتہ سیزن کی طرح اس بار بھی پی ایس ایل کا نیا گانا لوگوں کی توقعات پر پورا نہیں اترا۔ علی ظفر نے تمام لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ لوگوں کی جانب سے ملنے والی محبت اور حمایت کا مشکور ہوں۔ میں آپ سب سے گزارش کرتا ہوں کہ جتنا پیار آپ نے مجھے دیا اسی طرح آپ دوسرے فنکاروں کی کوششوں کو بھی سراہیں۔ ہم سب ایک بڑا خاندان ہیں اور پی ایس میں بھی ایسا ہی ہے۔ پی ایس ایل پاکستان سے ہے اور ہماری موسیقی بھی۔ اس ٹوئٹ کے ساتھ علی ظفر نے پاکستان زندہ باد کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

