English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

تاجروں کے غداروں کیخلاف وائٹ پیپر جاری کرنے کا اعلان

اداروں کے ہاتھوں فروخت ہونے والے تاجروں کو بے نقاب کیا جائے گا، تاجر کمربستہ ہوجائیں، آزمائش کی گھڑیاں نزدیک ہیں
تاجروں کے ساتھ ہونے والے ہر ظلم کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین جمیل پراچہ کی وفد سے گفتگو
کراچی (کامرس رپورٹر) سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین جمیل پراچہ نے کہا ہے کہ تاجر کمربستہ ہو جائیں اب آزمائش کی گھڑیاں نزدیک ہیں، تاجروں میں موجود کالی بھیڑوں کو نکالنا ہوگا جلد غداروں کے خلاف وائٹ پیپر جاری کر دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین جمیل پراچہ نے کہا ہے کہ بہت جلد تاجروں کے کرپشن کے خلاف ایکشن لیا جائے گا، تاجروں سے وعدے کر کے اداروں کے ہاتھوں فروخت ہونے والے کرپٹ تاجروں کو بھی بے نقاب کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں آئے ہوئے مختلف تاجر تنظیموں کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ کاشف صابرانی، حاجی ہارون چاند، سلیم میمن، سلیم راجپوت، سلیم بٹلہ، محمد ارشد، عبدالنقی میمن، مقصود احمد، محمد نعیم، الیاس میمن، شکیل چائولہ، محمد سلیم، سید محمد عدنان، آفرین صدیقی، محمد صابر اور دیگر بھی موجود تھے۔ جمیل پراچہ نے کہاکہ کسی بھی صورت تاجروں کو نام نہاد تاجر رہنمائوں پر نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہاکہ تاجر ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو جائیں اور تیاری کر لیں کہ تاجروں کے ساتھ ہونے والے ہر ظلم کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور یہ کہ تاجر اپنے اطراف ہونے والی سازشوں کو غور سے دیکھیں کیونکہ نام نہاد تاجر رہنما کالی بھیڑوں کے روپ میں تاجروں میں گھس گئے ہیں۔ سندھ تاجر اتحاد آگاہی مہم ایف بی آر کے حوالے سے کل بروز منگل مقامی ہوٹل میں دوپہر 2 بجے کراچی بھر کے تاجروں کا ہنگامی اجلاس منعقد کر رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے