قومی اور بین الاقوامی سطح پر اس حوالے سے آگاہی پیدا کرنا چاہتے ہیں، صوبائی وزیر کا پریس کانفرنس سے خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیر اطلاعات و محنت سعید غنی نے کہا ہے کہ حیدر آباد میں8 اور9 فروری کو منعقد کی جانیوالی لائیو اسٹاک ایکسپو ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ لائیو اسٹاک ایکسپو کے ذریعے سندھ حکومت نہ صرف قومی اور بین الاقوامی سطح پر لائیو اسٹاک سیکٹر میں سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا چاہتی ہے بلکہ اس کے ذریعے وہ لوگوں کو لائیو اسٹاک سیکٹر کی پروموشن کے حوالے سے کی جانیوالی سندھ حکومت کی کاوشوںسے بھی آگاہ کرنا چاہتی ہے۔ وہ اتوار کو کراچی پریس کلب میں سندھ کے وزیر برائے لائیو اسٹاک عبدالباری پتافی کے ہمراہ منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔سعید غنی نے کہا کہ زندگی کے ہر شعبے کے فرد خصوصاً دوسرے صوبوں کے لائیو اسٹاک ایکسپو میں شرکت کریں اور صوبہ سندھ کے بریڈ فارمرز کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں۔ صوبائی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی یہ کوشش ہے کہ وہ لائیو اسٹاک سیکٹر کو اس سطح پر لے جائیں جہاں اس کے فوائد صوبے کی مجموعی معاشی حالت بدلنے میں بھی محسوس ہوں۔ انہوں نے کہا کہ لائیو اسٹاک ایکسپو 2020 کے انعقاد کے تمام ضروری انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور سندھ حکومت کی یہ کوشش ہے کہ وہ اس نمائش کو ہر لحاظ سے کامیاب ترین بنائے۔

