اسلام آباد (صباح نیوز) آزاد جموں وکشمیر کے وزیراعظم راجا محمد فاروق حیدر نے کہا ہے کہ کشمیری کربلا والوں کی طرح مظلوم ہیں، مسلمان اس وقت بھی تماشا دیکھ رہے تھے اور آج بھی یہی حال ہے، مسئلہ کشمیر ہمارے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، خطے کے حالات کا تقاضا ہے کہ اپنی فوجی قوت میں اضافہ کیا جائے، مودی جنگ کی دھمکیاں دے رہا ہے مگر وہ جنگ کرے گا نہیں، وہ ہمیں نفسیاتی دباؤ میں رکھنا چاہتا ہے، میری تجویز ہے کہ قوم کو اعتماد میں لے کر لوگوں سے پوچھا جائے کہ ہمیں کیا کرنا چاہیے، قلم کی حرمت بہت ہے اس کا پاس رکھنا چاہیے،صحافیوں کا کام خبر کے علاوہ اصلاح معاشرہ بھی ہے، درست معلومات فراہم کرنا آپ کی اولین ذمے داری ہے ، ہم نے کوشش کی ہے کہ ریاست میں صحافیوں کی فلاح وبہبود یقینی بنائی جائے، آزاد صحافت سے حکومت کو فائدہ ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں کشمیر جرنلسٹ فورم کی تقریب حلف برداری میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اخبارات صحافت کا حسن ہیں، بی بی سی اردو ضرور سنتا ہوں، کشمیر کے معاملے پر کسی قسم کی کنفیوژن نہیں ہے، قائداعظم نے بغیر کسی فوج کے پاکستان بنایا، بھارت نے اپنا سافٹ امیج بنایا ہے مگر وہ اندر سے ایسا نہیں ہے، بھارت میں شہریت کے حوالے سے جو قانون بن رہا ہے، لوگ اس کے خلاف کھڑے ہو گئے ہیں، روس جب ٹوٹا تو مغرب کو اسکا ادراک ہی نہیں تھا، ہمیں ایک قدم آگے بڑھ کر سوچنے کی ضرورت ہے، ہمیں سوچنا چاہیے کہ جب بھارت جب ٹوٹے گا تب کیا ہو گا؟ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو اس وقت سیاسی ہم آہنگی کی ضرورت ہے، بھارت سے کسی قسم کی بہتری کی توقع نہ کریں، مودی ایک شو پیس ہے، اصل دماغ پیچھے بیٹھے ہیں۔
مسئلہ کشمیر ہمارے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، وزیر اعظم آزاد کشمیر
القمر
