مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) مصر اور اسرائیل کے درمیان گیس پائپ لائن کو نامعلوم افراد نے دھماکے سے اڑا دیا، جس کے نتیجے میں صہیونی ریاست سے مصر کو گیس کی سپلائی معطل ہوگئی۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی عبرانی میڈیا نے بتایا کہ 6 نقاب پوش افراد نے جزیرۂ سینا میں بچھی گیس پائپ لائن کے نیچے بم نصب کیا، جسے بعد میں ریموٹ کنٹرول کے ذریعے دھماکے سے اُڑا دیا گیا۔ الجزیرہ نیوز چینل کے مطابق شمالی سینا میں جرائم پیشہ افراد نے بیر العبد میں پائپ لائن کو نقصان پہنچایا۔ واقعے کے بعد اسرائیلی حکام نے فوری طور پر مصر کو گیس کی سپلائی روک دی ہے۔ دھماکے کے بعد گیس پائپ لائن میں لگنے والی آگ کئی میٹر تک پھیل گئی اور آگ کے بلند ہوتے شعلے دُور سے دکھائی دے رہے تھے۔ دوسری جانب اسرائیلی وزارت پٹرولیم وقدرتی گیس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تخریب کاری کے باوجود اسرائیل سے مصر کو گیس کی سپلائی جاری ہے تاہم مصری حکام نے اس کی تردید کی ہے۔ خیال رہے کہ مصر اور اسرائیل کے درمیان گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اُڑانے کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔ اس سے قبل بھی اس طرح کے واقعات پیش آچکے ہیں۔
مصر اور اسرائیل گیس پائپ لائن بم دھماکے سے تباہ
القمر
