English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

لیبیا کے معاملے پر اہم اجلاس آیندہ ماہ ہوگا‘ جرمنی

القمر

برلن (انٹرنیشنل ڈیسک) جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے کہا کہ مارچ کے وسط میں لیبیا میں امن معاہدے کے خواہاں ممالک کے وزرائے خارجہ کا اہم اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ اس سے قبل 19 جنوری کو برلن میں ہونے والے اجلاس میں عالمی طاقتوں نے لیبیا میں بیرونی مداخلت کی روک تھام پر اتفاق کیا تھا۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جرمنی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ساتھ مل کر ایک قرار داد تیار کرے گا، تاکہ اقوام متحدہ کی جانب سے اسلحہ پر عائد کی گئی پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے ممالک کو اس کے نتائج سے خبردار کیا جاسکے۔ حال ہی میں برلن میں لیبیا بحران پر ہونے والی ایک کانفرنس میں وزرائے خارجہ نے شرکت کی تھی،جب کہ ایک اور اہم اجلاس مارچ میں ہوگا۔ برلن کانفرنس میں تشکیل دی گئی کمیٹی میں فوجی عہدیدار بھی شامل ہیں، یہ کمیٹی اقوام متحدہ کی زیر نگرانی بدھ کے روز اجلاس منعقد کرنے میں ناکام رہی تھی۔ جرمن وزیر خارجہ کے مطابق عالمی اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والے ممالک کو نتائج سے خبردار کیا جائے گا۔ دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید اور جرمن چانسلر انجیلا مرکل کے درمیان لیبیا کے معاملے پر ٹیلیفون پر بات چیت ہوئی،جس میں لیبیا میں جنگ بندی اور متحارب فریقین کے مابین مذاکرات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ولی عہد ابوظبی شیخ محمد بن زاید النہیان کا کہنا تھا کہ ان کا ملک جرمنی کے ساتھ مل کر خطے اور عالمی استحکام کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے