جدہ (سید مسرت خلیل / نمایندہ جسارت) دنیا بھر میں کشمیریوںسے اظہار یکجہتی کی طرح جدہ میں بھی پاکستانی قونصلیٹ اور کمیونٹی کی جانب سے 3روزہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ مرکزی تقریب جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی جس میں پاکستان کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی تقریب کے مہمان خصوصی سابق سفارتکار ڈاکٹر علی الغامدی تھے۔مہمان خصوصی نے اپنے خطاب کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے مسلمان مشکل دور سے گزر رہے ہیں اور کشمیری مسلمانوں کے لیے آواز اٹھانا تمام مسلم ممالک کا اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی فرض ہے۔ انہوں نے اس پروگرام میں اسکول کے بچوں کی شرکت کو سراہا اور کہا کہ کشمیری جدوجہد کے پیغام کو نوجوان نسل کو پہنچانے کی ضرورت ہے۔قونصل جنرل خالد مجید نے نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں گزشتہ سال 5 اگست کے بھارت کی غیرقانونی اور یکطرفہ کارروائیوں پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ کشمیر کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کرنے کے باوجود ، بھارت آزادی پسند کشمیری عوام کے ناقابل بیان جذبے کو کم نہیں کرسکا ہے۔ انہوں نے بھارت کی ناقابل قبول کارروائیوں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کے لیے حکومت پاکستان کے مختلف عالمی فورمز پر اٹھائے گئے اقدامات کا ذکر کیا۔ انہوں نے کمیونٹی سے انفرادی اور اجتماعی طور پر اس مسئلے کو ہر فورم پر اٹھانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔کشمیری نمائندہ غلام نبی میر نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر میں مجموعی ، منظم اور ریاستی سرپرستی میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو فوری طور پر بند کرے۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی مسعود پوری اور چیئرمین جموں کشمیر اوور سیز کمیٹی سردار اشفاق نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر او آئی سی میں مستقل نمائندہ پاکستان رضوان سعید شیخ نے اختتامی کلمات میں پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مظلوم کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حق میں ان کی جائز جدوجہد کے لیے جاری سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی مددجاری رکھے گا، جس کا اقوام متحدہ کی متعدد قراردادوں کے ذریعے ان سے وعدہ کیا گیا ہے۔انہوں نے اسلامی تعاون تنظیم کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ہر مشکل مرحلے میں کشمیریوں کے لیے کلمہ حق بلند کیا۔اس موقع پر پاکستانی طلبہ نے کشمیر کے موضوع پر تقریری مقابلہ کیا۔قونصل ویلفیئر ماجد میمن نے یوم یکجہتی کشمیر پرصدر پاکستان کا پیغام پڑھ کر سنایا۔
جدہ میں بھی کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کے لیے تقریبات
القمر
