100بسیں کراچی کیلئے اور100بسیں دیگر 5اضلاع میں نجی شعبے کے ذریعے مخصوص روٹس پر چلائی جائیں گی
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے زیر صدارت نیو سندھ سیکریٹریٹ میں منعقدہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے اجلاس میں فیصلہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ ٹرانسپورٹ کی200بسوں کی خریداری کی ایک تجویزکی منظوری دیدی ہے، ان میں سے 100بسیں کراچی کے لیے اور100بسیں دیگر 5 اضلاع میں نجی شعبے کے ذریعے مخصوص روٹس پر چلائی جائیں گی۔ انہوں نے یہ فیصلہ منگل کونیو سندھ سیکرٹریٹ کی ساتویں منزل پر محکمہ ٹرانسپورٹ کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکرٹری ساجد جمال ابڑو،سیکرٹر ی خزانہ حسن نقوی، کمشنر کراچی افتخار شہلوانی، سیکرٹری ٹرانسپورٹ عباس ڈیتھو و دیگر نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ نے وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وزیراعلی سندھ کی منظوری کے لیے ایک تجویز جمع کی ہے ، اس منصوبے کے تحت ایک بین الاقوامی ٹینڈر 200سٹی بسوں(کم اونچائی والی)خریدی جائیں گی جنہیں کراچی اور دیگر 5اضلاع میں چلایا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ کراچی کو 100 بسیں دی جائیں گی۔بسوں کا آپریشن نجی پارٹیوں کو دیا جائیگا جنہیں ایک شفاف طریقے کے تحت منتخب کیاجائے گا۔ صوبائی حکومت شہر کے اہم روٹس کا انتخاب کرے گی اور ان کے کرائے مقرر کرے گی۔پرائیویٹ مینجمنٹ حکومتی پلان پر عملدرآمد کرے گی اور بسوں کے آپریشن کو دیکھے گی۔ وزیراعلی سندھ نے صوبائی وزیرٹرانسپورٹ کو ہدایت دی کہ وہ بسوں ایک تفصیلی پلان ،ان کی افادیت ،پرائیویٹ آپریشن کی کوالیفیکیشن اور روٹس کی تفصیلات پر مبنی ایک رپورٹ انہیں پیش کریں۔ انہوں نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ کام کی رفتار کو تیز کریں اور اسے 7 ماہ کی مدت میں مکمل کریں ۔حکومت پہلے ہی ماڑی پور تا نادرن بائی پاس ٹرک اسٹینڈ کی منتقلی کا فیصلہ کرچکی ہے۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو قاضی شاہد پرویز نے وزیراعلی سندھ کو بتایاکہ زمین مختص کی جاچکی ہے مگر اس کی انٹری ریونیو کے ریکارڈ میں ابھی تک نہیں کی گئی ہے ،اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو ہدایت کی کہ وہ تمام قانونی لوازمات کو15 دن کے اندر حتمی شکل دیں اور انہیں رپورٹ پیش کریں ۔

