کراچی، حیدرآباد، خیرپور، میرس، لاڑکانہ اور دیگر اضلاع میں مزید کارخانے قائم ہوں گے، نسیم الغنی سہتو
سندھ اسمال انڈسٹری میں مالی بحران کی بڑی وجہ غیر ضروری بھرتیاں ہیں، جام اکرام اللہ دھاریجو
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت سندھ نے صوبے میں چھوٹی صنعتوں اور دستکاری کے فروغ کے لیے قائم کردہ سندھ اسمال انڈسٹریز کارپوریشن کی بحالی کے لیے سنجیدہ کوششیں شروع کر دی ہیں۔ یہ ادارہ سندھ اسمال انڈسٹریز اینڈ ہینڈی کرافٹس ڈیولپمنٹ کارپوریشن ایکٹ 1972ء کے تحت وجود میں آیا تھا جس کے تحت صوبے بھر میں 22 اسمال انڈسٹریز اسٹیٹس قائم کی گئیں جن میں کراچی، حیدرآباد، میرپور میرس، لاڑکانہ اور دیگر اضلاع شامل ہیں۔ ادارے میں بڑے پیمانے پر اضافی بھرتیوں کی وجہ سے مذکورہ ادارہ ایک عرصے سے مالی بحران کا شکار تھا حال ہی میں حکومت سندھ نے ادارے کی بحالی کے لیے خصوصی گرانٹس مہیا کیں جبکہ محکمہ صنعت سندھ بھی ادارے کے واجبات کی وصولی کے نظام کو بہتر کر رہا ہے، اس ضمن میں حال ہی میں اسمال انڈسٹریل اسٹیٹ لاڑکانہ میں روڈ کی مرمت اور سیوریج سسٹم کی بحالی کے لیے 8 کروڑ روپے کے ٹینڈر جاری کیے گئے ہیں، محکمہ صنعت سندھ کے سیکرٹری نسیم الغنی سہتو کے مطابق لاڑکانہ اسمال انڈسٹریز اسٹیٹ میں ترقیاتی کاموں کے ذریعے چھوٹی صنعتوں میں سرمایہ کاری میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ صنعت کی کوشش ہے کہ اسمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں مزید کارخانے قائم ہوں جس سے نہ صرف اسمال انڈسٹریز کارپوریشن مالی طور پر مستحکم ہوگی بلکہ صوبے میں روزگار کے مزید مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ اسمال انڈسٹریز کارپوریشن کے مالی بحران کی بڑی وجہ ماضی میں غیر ضروری طور پر کی جانے والی بھرتیاں ہیں، ادارے کے معاملات نیب اور عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔

