وفاق کے اعلان بعد گندم کی قیمت مقرر کرینگے، سرکاری ملازمین کے میڈیکل کی حد 3لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ کردی
صوبے میں500بند اسکول کھولنے کیلئے‘ اساتذہ کے تبادلے کااختیا ر وزیر تعلیم کو مل گیا‘مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کابینہ نے وفاقی حکومت سے گندم کی قیمت بڑھانے اور128 ارب روپے دینے کامطالبہ کردیا ہے، جبکہ صوبے 500بند اسکول کھولنے کیلئے اساتذہ کے تبادلے کااختیا ر وزیر تعلیم کو دے دیا ہے۔ سندھ کابینہ کا اجلاس وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں چیف سیکریٹری ممتاز علی شاہ، تمام اراکین، مشیروں اور متعلقہ حکام نے شرکت کی، اجلاس کو بتایا گیا کہ وفاق نے سندھ کو رواں مالی سال میں 3کھرب 60 ارب روپے منتقل کیے ہیں اور اس طرف ایک کھرب 28ارب کم ملے ہیں، لہٰذہ وفاقی حکومت سے درخواست کی گئی کہ رقم سندھ کو منتقل کی جائے، اجلاس میں گندم کی خریداری کے معاملے پر غور کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ صوبے کے ہر ایک ضلع سے 37فیصد گندم خرید کی جائے گی،گندم کی خریداری کا پہلے ہی 14لاکھ ٹن حدف مقرر کیا گیا تھا اور اس کیلئے 38ارب مختص کیے گئے تھے، جبکہ مطلوبہ فنڈز 53 ارب روپے تھے، اس لیے کابینہ نے مزید 14ارب روپے منظور کیے تاکہ گندم خریدنے میں آسانی ہو، کابینہ نے وفاقی حکومت سے درخواست کی کہ گندم کی سپورٹ قیمت میں اضافہ کیا جائے ، وفاقی حکومت کے اعلان کے بعد حکومت سندھ گندم کی قیمت مقرر کرے گی۔ سندھ کابینہ نے سرکاری ملازمین کے میڈیکل کی حد 3لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ کردی ہے، اجلاس میں صوبے کے بند 507اسکول کھولنے کیلئے اساتذہ کے تبادلے اور تقرریوں کا اختیار وزیر تعلیم سعید غنی کو دینے کی منظوری دے دی اور ہدایت کی کہ اسکولوں کے فرنیچر کی خریداری اسکولوں کے حساب سے کرنی چاہیے، اسکولوں کو فراہم کیے جانے والے فرنیچر کی تفصیلات ویب سائٹ پر دی جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبے میں 45ہزار سے زائد اسکول ہیں اور اسکولوں کی مرمت اور دیکھ بھال کا بجٹ بھی استعمال کریں، اسکولوں کی مرمت پورا سال ہونی چاہیے۔ کابینہ اجلاس میں وزیر صحت عذرا پیچوہو نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ چین سے دو دن پہلے 300مسافر جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ آئے ہیں اور چین کے طبی شعبے کے عملے نے ان کو چیک کیا ہے اور ان کو کورونا وائرس سے کلیئر قرار دے کر صوبے میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی ہے، ایک طالب عالم نے چیک اپ نہیں کروایا، بعد میں اس کو تحویل میں لے کر گمبٹ انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز خیرپور میں داخل کرواگیا ہے۔

