چیئرمین پیپلز پارٹی کی بچوں کے ساتھ زیادتی میں ملوث مجرموں کو عمر قید سزا دینے کی حمایت
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بچوں کے ساتھ ریپ کے مجرموں کے لیے سزائے موت کی مخالفت کر دی ہے۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کو بتایا گیا کہ رکن قومی اسمبلی بلاول بھٹو نے بچوں پر جنسی حملوں میں ملوث مجرموں کے لیے سزائے موت کی مخالفت کی ہے۔نفیسہ عنایت اللہ خان خٹک نے کمیٹی کو بتایا کہ بلاول بھٹو جو قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے چیئرمین ہیں،وہ بچوں کے ساتھ زیادتی میں ملوث مجرموں کے لیے عمر قید کی سزا دینے کے حق میں ہیں۔کمیٹی کو بچوں کے ساتھ بدسلوکی میں ملوث مجرموں کے لیے مختلف ممالک میں رائج قوانین کے بارے میں بتایا گیا۔جب کہ دوسری جانب خیبرپختونخوا میں بچوں سے زیادتی میں ملوث افراد کے خلاف سزاؤں کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں عمر قید کی سزا میں کسی قسم کی معافی نہ دینے اور سزائے موت کی صورت میں مجرموں کی پھانسی کی ویڈیو اور آڈیو بنا کر تشہیر کی تجاویز دی گئی ہیں۔

