ڈائریکٹریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن سندھ نے 15 جنوری تک درخواستیں جمع کروانے کی ہدایت کی تھی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن سندھ ڈاکٹر منسوب حسین صدیقی نے کہا ہے کہ صوبہ میں ایسے تمام نجی تعلیمی ادارے جو بغیر کسی قانونی حیثیت یعنی بغیر رجسٹریشن کے کام کر رہے ہیں کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈائریکٹریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن سندھ نے بذریعہ اشتہار ان تمام اسکولوں کو متنبہ کیا تھا کہ وہ مورخہ 15 جنوری 2020ء تک اپنے اسکولوں کی رجسٹریشن کے لیے درخواستیں جمع کروا دیں جن اداروں نے ابھی تک رجسٹریشن کے لیے درخواستیں جمع نہیں کروائی ہیں ان اداروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے ایسے اداروں کو رولز کے مطابق جس تاریخ سے وہ کام کر رہے ہیں 500 روپے یومیہ جرمانہ ادا کرنا ہوگا، اس کے ساتھ ساتھ من مانی فیس وصول کرنے والے نجی تعلیمی اداروں کے خلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے اور کوئی بھی اسکول منظور شدہ فیس سے زائد وصول نہیں کرے گا، خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن نے 7 فروری جمعہ کو سندھ بھر کے ڈائریکٹرز پرائیویٹ اسکولز کا اجلاس طلب کیا ہے۔

