کراچی سے چترال تک پوری قوم سڑکوں پر نکلی ہوئی ہے، طویل زنجیر نے ثابت کردیا ملک بھر کے عوام کشمیریوں کے ساتھ ہیں
پاکستانی حکمران اور فوج کشمیر کی آزادی کیلئے عملی اقدامات کریں، سراج الحق کا کراچی میں ہاتھوں کی زنجیر کے شرکاء سے خطاب
کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے وزیراعظم‘ چیف آف آرمی اسٹاف اور اہل اقتدار و اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیر کی آزادی کیلئے اب عملی اقدامات کریں۔ پاکستان کی فوج پاکستان کیلئے ہے‘ قوم کا مطالبہ ہے کہ وہ کشمیریوں کیلئے آگے بڑھے پوری کشمیری عوام خراج تحسین کی مستحق ہے جو بدترین ریاستی جبر و تشدد کے باوجود آزادی کی جدوجہد میں مصروف ہے‘ آج اہل کراچی اور بالخصوص خواتین مبارکباد کی مستحق ہیں جنہوں نے20 کلو میٹر طویل انسانی ہاتھوں کی زنجیر بناکر اہل کشمیر کو یہ پیغام دیا ہے کہ پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ ہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے جماعت اسلامی کراچی کے تحت یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر شارع فیصل پر میٹروپول تا قائد آباد20 کلو میٹر طویل انسانی ہاتھوں کی زنجیر کے شرکاء سے میٹروپول ‘نرسری بس اسٹاپ اور قائد آباد پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے مزید کہا کہ کراچی سے چترال تک پوری قوم سڑکوں‘ چوکوں اور چوراہوں پر نکلی ہوئی ہے‘ طویل زنجیر نے ثابت کیاہے اور بچے‘ بوڑھے‘ جوان‘ مائیں‘ بہنیں ‘بیٹیاں اور سب مل کرکہہ رہے ہیں کہ پوری قوم مظلوم اور نہتے کشمیریوں کی پشت پر ہے یہ ساری دنیا کو پیغام ہے کہ دنیا اگر چاہتی ہے کہ یہ خطہ ایٹمی جنگ سے محفوظ رہے اور امن و سلامتی کا گہوارہ بن جائے تو کشمیریوں کو جینے کا حق دیا جائے۔

