مسلم لیگ(ن) کے سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان آٹا چینی کے بحران میں ملوث مافیا کا نام کیوں نہیں بتا رہے؟
تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے مشاہد اللہ خان نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا تھا کہ آٹا اور چینی بحران میں ملوث کرداروں کے نام بتاؤں گا، اب وزیراعظم ان کا نام کیوں نہیں بتا رہے؟
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آٹا اور چینی بحران کے ذمہ داروں کا نام اس لیے نہیں بتارہے کہ یہ مافیا ان کے اردگرد بیٹھا ہے، بحران میں ملوث افراد وزیراعظم کے آپس پاس بیٹھے ہیں۔
قبل ازیں (ن) لیگ کے راجا ظفر الحق نے کرونا وائرس سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وبا سے بچاؤ اور حفاظتی تدابیر کے لیے چین نے بھرپور محنت کی ہے ، چینی صدر کا کرونا وائرس پر قابو پانے کے لیے اقدامات قابل تحسین ہیں ہم چینی صدر کے اقدامات کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

