بینونی(جسارت نیوز) روحیل نذیر کی زیرقیادت پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کوآئی سی سی انڈر19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 کے پہلے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن بھارت سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ میچ میں ناکامی کے باعث پاکستان تیسری مرتبہ آئی سی سی انڈر19 ورلڈکپ جیتنے کا خواب پورا نہیں کرسکا۔دوسری جانب ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل نیوزی لینڈ اور بنگلا دیش کے درمیان کھیلا گیا تھا۔ جمعرات کو کھیلے گئے میچ میں بنگلا دیش نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔ لہٰذا ایونٹ میں تیسری پوزیشن کے لیے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان مقابلہ ہوگا۔آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020میں تیسری پوزیشن کے حصول کے لیے میچ آج وِلو مور پارک بینونی میں کھیلا جائے گا۔قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم ایونٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ٹیم منیجمنٹ کے مطابق اسکواڈمیں شامل تمام کھلاڑی نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں کامیابی حاصل کرکے بھارت سے شکست کا غم بھلانا چاہتے ہیں۔میچ کے لیے قومی انڈر 19 ٹیم میں ایک تبدیلی متوقع ہے، کمر کی تکلیف کے باعث فاسٹ بولر طاہر حسین نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں شرکت نہیں کریں گے۔قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نیکہاکہ پاکستان ایونٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے کے لیے یہ میچ جیتنے کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔اعجاز احمد نے کہا کہ بھارت سے یکطرفہ شکست کے بعد کھلاڑی دباؤ کا شکار تھے تاہم ایک روز آرام کے بعد تمام کھلاڑیوں نے بھرپور پریکٹس سیشنز میں شرکت کی ہے۔ ہیڈ کوچ نے مزید کہا کہ اسکواڈ میں شامل ہر فرد آج بینونی میں شیڈول میچ جیت کر ایونٹ کا اختتام جیت سے کرنے کا خواہاں ہے۔اعجاز احمد کا کہنا ہے کہ ٹیم منیجمنٹ نے کھلاڑیوں کو باور کرایا ہے کہ ہر دن ایک نیا دن ہوتاہے اور وہ گذشتہ شکست کو ذہن سے نکال کر آئندہ میچ میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں مایوسی کے بجائے بہترین اختتام بھی کھلاڑیوں کی ڈویلپمنٹ کا اہم حصہ ہے۔ہیڈ کوچ قومی انڈر 19 ٹیم نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف کامیابی حاصل کرکے پاکستان ایونٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ انگلینڈ، آسٹریلیا، سری لنکا اور جنوبی افریقاجیسی ٹیموں کا سیمی فائنل میں رسائی حاصل نہ کرپانا بھی ہمیں دیگر ٹیموں سے منفرد بناتا ہے۔اعجاز احمد نے کہا کہ طاہر حسین کمر میں تکلیف کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں حصہ نہیں لے رہے تاہم ان کے متبادل کا فیصلہ میچ کے روز کیا جائے گا۔
انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ ،قومی ٹیم تیسری پوزیشن کیلئے پر عزم اعجاز احمد
القمر
