بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) چین میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے مزید 103 افراد کی ہلاکت کے بعد مجموعی طورپر مہلک وبا ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 1016 تک جا پہنچی ہے۔ چینی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثرہ مزید 2500 کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد متاثرین کی تعداد 42 ہزار 638 تک جا پہنچی ہے۔ حکام کے مطابق وائرس سے ہلاکتوں کی یومیہ شرح بڑھ رہی ہے تاہم اس سے متاثرہ مریضوں کی یومیہ تعداد میں کمی واقع ہو رہی ہے۔ دریں اثنا بیجنگ حکومت نے کئی اعلیٰ عہدے داروں کو اپنی ذمے داریاں احسن طریقے سے ادا نہ کرنے پر برطرف کردیا ہے۔ ہوبائی ہیلتھ کمیشن کے پارٹی سیکرٹری اور سربراہ بھی فارغ کیے جانے والے اعلیٰ ترین افسران میں شامل ہیں۔ علاوہ ازیں مقامی ریڈ کراس کے ڈپٹی ڈائریکٹر بھی غیر ذمے دارانہ رویہ اختیار کرنے کے خلاف کارروائی کی زد میں آئے۔ دوسری جانب چینی صدر شی جن پنگ نے گزشتہ روز کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی عیادت کے لیے اسپتالوں کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ صورت حال ابھی تک تشویش ناک ہے، تاہم وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکومت مزید موثر اقدامات کرے گی۔ صدر شی کے دورہ کے حوالے سے جاری فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انہوں نے نیلے رنگ کا ماسک اور سفید سرجیکل گاؤن پہن کر اسپتال میں ڈاکٹروں اور مریضوں سے ملاقات کی اور وڈیو لنک کے ذریعے ووہان میں ڈاکٹروں سے بات چیت بھی کی۔ اُدھر امریکی ریاست کیلی فورنیا میں کورونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آیا ہے جس کے بعد امریکا میں وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 13 ہو گئی ہے۔
چین: صدر چی جن پنگ کورونا وائرس کے خلاف اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے مختلف مقامات کا دورہ اور طبی عملے سے گفتگو کررہے ہیں
کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے متجاوز
القمر
