گیلانی اسٹیشن کے اطراف آپریشن میں مزاحمت پر ایک شخص کو حراست میں لے لیا ، حملہ آور خواتین کو عمارت سے باہر نکال دیا
رہائشی عمارتیں خالی کرانے کی حکمت عملی سندھ حکومت بنائے گی،ڈپٹی ڈائریکٹر ریلوے لینڈ ،ڈرگ کالونی میں قابضین کو انخلا کانوٹس
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) ٹریک کے اطراف تجاوزات کے خلاف کارروائی کا دوبارہ آغاز ہوگیا،گلشن اقبال میں گیلانی ریلوے اسٹیشن کے اطراف آپریشن کے لیے ریلوے انتظامیہ اور اسسٹنٹ کمشنر ضلع شرقی پولیس کے ہمراہ پہنچے تو علاقہ مکینوں کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔اس موقع پر غیر قانونی تعمیرات گرانے پر پہلی منزل پر رہائش پذیر خواتین نے پولیس اہلکاروں اور مشینری پر پتھراؤ بھی کیا۔ مکینوں کے پتھراؤ کے بعد خواتین پولیس اہلکاروں نے مزاحمت کرنے والی خواتین کو عمارت سے باہر نکال دیا۔پولیس نے ایک شخص کو بھی حراست میں لیا۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ریلوے لینڈ خالد خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ریلوے ہاؤسنگ سوسائٹی اراضی فروخت نہیں کرتی بلکہ ملازمین کو الاٹ کرتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گیلانی ریلوے اسٹیشن کے قریب 35 ایکڑ زمین پر قبضہ ہوچکا ہے۔ایک سوال کے جواب میں ریلوے لینڈ خالد خان کا کہنا تھا کہ رہائشی عمارتوں کو خالی کرانے کی حکمت عملی سندھ حکومت بنائے گی۔ علاوہ ازیں ڈرگ کالونی اسٹیشن کے اطراف قابضین کو فوری انخلا کیلئے نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔

