دباؤ کے باوجود پیچھے نہیں ہٹوں گا،بلاول بھٹوزر داری
بلاول کو جے وی اوپل کیس میں طلب کیا تھا‘ ان سے زرداری گروپ آف کمپنیزکا ریکارڈ اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کی فہرست بھی طلب کی گئی تھی،ذرائع
پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ کو کسی صورت نہیں مانتے، حکومت نے سفید پوش طبقے کا معاشی قتل کردیا ہے ، پھر کہتے ہیں قبر میں سکون ملے گا،چیئرمین پیپلزپارٹی
راولپنڈی/اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ کو نہیں مانتے، اسے پھاڑ کر اڑا دینگے ، دباؤ کے باوجود اپنی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ، گرفتار ہوا تو آصفہ بھٹو میری آواز ہوگی،حکومت نے سفید پوش طبقے کا معاشی قتل کردیا ہے ، پھر کہتے ہیں قبر میں سکون ملے گا، افسوس سے کہنا پڑتا ہے معاشی، کشمیر، دہشتگردی اور سیاست کے معاملات پر اپوزیشن لیڈر اور قائد ایوان اسمبلی میں نہیں ہوتے، امید ہے اپوزیشن لیڈر ملک میں جلد ہوں گے اور اپنا کردار ادا کریں گے۔جمعرات کو پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نیب میں پیش ہوئے اور نیب ٹیم کے سوالوں کے جواب دیے ۔قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے بلاول بھٹو زرداری کو جے وی اوپل کیس میں طلب کیا تھا اور ساتھ ہی ان سے زرداری گروپ آف کمپنیزکا ریکارڈ اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کی فہرست بھی طلب کی گئی تھی۔ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو کو نیب کی جانب سے 30 سوالات پر مشتمل سوالنامہ دیا گیا اور انہیں 2 ہفتے میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق بلاول بھٹو الیکشن کمیشن میں جمع دستاویزات میں جے وی اوپل کے 2011 تا 2017 شیئر ہولڈر ہیں، ان کے دستخط 2011 سے2017 تک دستاویزات پر موجود ہیں۔ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے نیب ٹیم کو کہا انہیں کاروباری معاملات کا علم نہیں۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نیب ٹیم سے تفصیلاً گفتگو ہوئی اور انہوں نے سوالنامہ بھی دیا، سب کو پتا ہے کہ ایک سال سے پہلے چیف جسٹس نے خود کہا تھا بلاول بے گناہ ہیں تاہم میں نے اس کے باوجود خود کو نیب کے سامنے پیش کیا، تین مرتبہ پہلے میں بھی جواب دے چکا ہوں۔انہوں نے کہا کہ نیب کو کوئی اعتراضات نہیں تھے، اچانک پتا نہیں دسمبر میں کیا ہوا جب پہلا نوٹس بھیجا گیا، جب کراچی میں ہم نے مارچ سے ملک میں معاشی صورتحال اور پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل کے خلاف جدوجہد کا آغاز کرنے کا اعلان کیا تو فوری نیب کا نوٹس آگیا۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہاکہ قانون کی حکمرانی اور اداروں کا احترام کرتے ہیں، صحیح اور غلط میں بھی ان کا احترام کرتے ہیں، اس لیے اعتراض کے باوجود نیب میں پیش ہوا ، جے آئی ٹی کے اپنے وکیل نے مان لیا ان کی تجاویز غلط ہیں۔

