عثمان آباد محمدی گرائونڈ کے قریب متاثرہ عمارت 8سے 10سال قبل تعمیر کی گئی تھی ٗ دراڑپڑنے کی اطلاع پر اعلیٰ حکام حرکت میں آگئے
آگ لگنے کے باعث عمارت کے ستون بری طرح متاثر ہوئے ہیں جبکہ عمارت کسی نقشے کے بغیر تعمیر کی گئی ہے ٗ ایس بی سی اے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) گارڈن عثمان آباد میں 6 منزلہ (گرائونڈ پلس 5) رہائشی عمارت کو خطرناک اور مخدوش قرار دے دیا گیا، بلڈنگ خالی کرا کر دکانیں سربمہر کردی گئیں اور مکینوں کو قریبی اسکول منتقل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گارڈن عثمان آباد محمدی گرائونڈ کے قریب تقریباً 8 سے 10 سال پہلے تعمیر ہونے والی گرائونڈ میزنائن اور پھر 5 منزلوں پر مشتمل عمارت میں دراڑ پڑنے کی اطلاع پر پولیس، انتظامیہ اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے حکام موقع پر پہنچ گئے، عمارت کی بجلی منقطع کردی گئی۔ ایس بی سی اے کے ڈائریکٹر کچی آبادی سیل محمد رقیب نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ عمارت کو متصل دکانوں میں آگ لگنے کی وجہ سے بھی نقصان پہنچا ہے اور اس کے ستون کمزور ہو گئے ہیں، عمارت تعمیر کرنے کی اجازت کس نے دی اس کی بھی تحقیقات ہوگی، ایس بی سی اے کی ٹیکنیکل کمیٹی نے عمارت کا معائنہ کرنے کے بعد اپنی رپورٹ بھی جاری کر دی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ عمارت متصل دکانوں میں آگ لگنے کی وجہ سے کمزور ہو کر ایک طرف جھک چکی ہے اور اس کے ستون بھی متاثر ہوئے ہیں، عمارت کسی نقشے کے بغیر تعمیر کی گئی ہے اب یہ عمارت غیر محفوظ، خطرناک اور رہائش کے قابل نہیں رہی ہے ایس بی سی اے نے دکانوں پر سیل کیے جانے کے نوٹس چسپاں کر دیے ہیں۔

