کھٹی اور بازارکی تلی اشیا کے استعمال سے پرہیز کیا جائے، طبی ماہرین کی ہدایت
کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہر میں موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی روزانہ سیکڑوں شہری نزلہ، بخار اور حلق کی بیماریوں میں مبتلاہوکراسپتالوں کا رخ کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ جناح اسپتال، سول اسپتال،گورنمنٹ اسپتال کورنگی، لیاقت آباد اسپتال سمیت دیگر سرکاری اسپتالوں میں روزانہ نزلہ، بخار اور حلق کے سیکڑوں مریض علاج کیلئے آرہے ہیں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کراچی میں موسم کی تبدیلی کے باعث بچوں کو بچایا جائے ، گلے خراب ہونے سے بخار بھی ہو رہا ہے، ایسی صورت میں بچوں کو گھر میں تیار کی گئی یخنی، سوپ اور ادرک والی چائے پلانی چاہیے۔ ماہرین صحت نے مزید کہا کہ اس موسم میں کھٹی اور بازارکی تلی غیر صحت مند اشیا کے استعمال سے پرہیز کیا جائے، ایسی اشیا موسم کی تبدیلی میں گلا خراب کرنے کا باعث بنتی ہیں،گلا خراب ہونے سے جسم ٹوٹنے لگتا ہے جبکہ بخار بھی ہوتا ہے ، بخار ہونے کی صورت میں پیرا سیٹا مول کا استعمال اور دن میں تین سے چار بارگرم پانی سے غرارے کئے جائیں۔ رات کے اوقات میں والدین بچوں کو موٹر سائیکل کی ٹنکی پر بٹھا کر لے جاتے ہیں جو انتہائی نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ طبی ماہرین نے کہا کہ موسم تبدیل ہو رہا ہے دن میں دھوپ میں تیزی آ رہی ہے اور رات میں ٹھنڈ ہو رہی ہے ایسے میں احتیاطی تدابیر اپنائی جائیں۔

