کراچی (سید وزیر علی قادری)2016 سے شروع ہونے والی پاکستان سپر لیگ ابتداء سے ہی دنیا کی چند بہترین ٹی ٹوئنٹی لیگز میں شامل ہے۔ گذشتہ 4سال سے جاری لیگ کے5ویں ایڈیشن کے آغاز میں محض 2 روز باقی رہ گئے۔ امید کی جارہی ہے کہ بہترین اعداد و شمار کی حامل لیگ ترقی کی نئی منزلوں کو چھونے میں کامیاب ہوگی۔ پی ایس ایل کے اب تک کھیلے گئے 4 ایڈیشنز کے بعد مظہر ارشد کی جانب سے فراہم کردہ چند منفرد اعداد و شمار کے مطابق دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم تاحال پی ایس ایل کی سب سے کامیاب ٹیم ہے۔ سرفراز احمد کی قیادت میں میدان میں اترنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم اب تک 42 میں سے 26 میچوں میں کامیابی حاصل کرچکی ہے۔ اس حوالے سے ایونٹ میں گلیڈی ایٹرز کی جیت کا تناسب 61.90 ہے۔ پشاور زلمی 58.69 کے اعداد و شمار کے ساتھ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔گذشتہ ایڈیشن کے آغاز سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ 59.67 کے وِن پرسنٹیج کے ساتھ اس فہرست میں سب سے پہلے نمبر پر تھی۔اسلام آباد یونائیٹڈ سب سے زیادہ 2 مرتبہ ایونٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرچکی ہے۔ وہ یہ کارنامہ 2016 اور 2018 میں انجام دے چکی ہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز (2019) اور پشاور زلمی (2017)، ایک ایک مرتبہ ایونٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرچکی ہیں۔ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز کا مجموعہ بنانے کا اعزاز اسلام آباد یونائیٹڈ کے پاس ہے۔ انہوں نے یہ اعزاز لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں بنایا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 238 رنز بنائے تھے۔ ایونٹ کا دوسرا بہترین مجموعہ پشاور زلمی کا ہے جنہوں نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 214 رنزبنائے تھے۔ ایونٹ کا تیسرا بہترین مجموعہ لاہور قلندرز نے بنا رکھا ہے۔ انہوں نے شارجہ کے میدان پر ملتان سلطانز کے خلاف 4 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنائے تھے۔مندرجہ بالا تینوں میچز پی ایس ایل 2019 کے دوران کھیلے گئے تاہم لیگ میں سب سے کم رنز کا مجموعہ ایڈیشن 2017 میں اس وقت بنا جب پشاور زلمی کے خلاف لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 59 رنز پر ڈھیر ہوکر پویلین واپس لوٹ گئی۔ پی ایس ایل کے دوران پاور پلے میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ مشترکہ طور پر 2 ٹیموں کے پاس ہے۔ کراچی کنگز کو اسلام آباد یونائیٹڈ جبکہ ملتان سلطانز کو لاہور قلندرز کے خلاف ابتدائی 6 اوورز میں 78 رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ کراچی کنگز نے یہ اسکور ایک وکٹ جبکہ ملتان سلطانز نے 2 وکٹوں کے نقصان پر بنایا تھا۔ گذشتہ ایڈیشن سے قبل یہ اعزاز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نام تھا۔ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کے خلاف ایک میچ کے دوران ابتدائی 6 اوورز میں 77 رنز بنائے تھے۔ بولنگ کے اعلیٰ معیار کے باعث پی ایس ایل کا شمار دنیائے کرکٹ کی چند بہترین ٹی ٹوئنٹی لیگز میں ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا میں جاری لیگز کا تقابلی جائزہ لیا جائے تو فی وکٹ سب سے کم رنز پر مشتمل اعداد و شمار پی ایس ایل کے پاس ہیں۔ گذشتہ4 ایڈیشنز میں کھیلے گئے 116 میچوں میں 33978 رنز بنے جبکہ ایونٹ میں 23.54 کی اوسط سے 1443وکٹیں گریں۔ گذشتہ ایڈیشن میں کھیلے گئے 34 میچوں کے دوران لیگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رن ریٹ کے ساتھ اسکور بنے۔ پی ایس ایل 2019 میں رن ریٹ 7.98 رہا جو کہ ایڈیشنز 2018 اور 2017 میں 7.74رہا تھا۔ لیگ کے پہلے ایڈیشن میں ٹیموں کی جانب سے رنز بنانے کی اوسط 7.62 رہی۔اسلام آباد یونائیٹڈ مسلسل 6 میچز جیت کر پی ایس ایل میں بہترین وننگ اسٹرائیک کا اعزاز رکھتی ہے۔ انہوں نے یہ ریکارڈ 2016 سے 2017 تک قائم کیا۔ایڈیشن 2018 میں بھی اسلام آباد یونائیٹڈ نے مسلسل 5 میچز جیتے تھے۔ اس کے علاوہ لیگ میں شامل کوئی اور ٹیم مسلسل 5 میچز جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔ایونٹ کے سب سے کامیاب بولر کا اعزاز پشاور زلمی کے وہاب ریاض کے پاس ہے۔ چاروں ایڈیشنز میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے وہاب ریاض کی اب تک لیگ کے دوران وکٹوں کی تعداد 65 ہے۔ وہاب ریاض کی لیگ کے دوران بولنگ ایوریج 17.38 ہے۔ پشاور زلمی کے ہی حسن علی 51 وکٹیں حاصل کرکے ایونٹ کے دوسرے سب سے کامیاب بولر ہیں۔ایونٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے10 بہترین بولروں کی فہرست میں کوئی غیرملکی کھلاڑی شامل نہیں ہے۔ شین واٹس اور ٹیمل ملز 23،23 وکٹیں حاصل کرکے لیگ کے سب سے کامیاب غیرملکی بولرز ہیں۔پی ایس ایل میں اب تک6 بولرز ایک اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ گذشتہ ایڈیشن میں یہ کارنامہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے فہیم اشرف نے انجام دیا۔ انہوں نے لاہور قلندرز کے خلاف 19 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔ایونٹ کے ابتدائی ایڈیشن میں روی بوپارہ نے 16 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔
یہ اب تک کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے لیگ کی بہترین بولنگ بھی ہے۔عمر گل 24 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کرکے تیسرے نمایاں بولر ہیں۔ اس کے علاوہ شاہین شاہ آفریدی، شاہد آفریدی اور محمد سمیع ایک ایک مرتبہ ایونٹ کے دوران میچ کی ایک اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
پاکستان سپر لیگ بولرز کیلئے سب سے کامیاب ایونٹ
القمر
