کوئٹہ(جسارت نیوز)یونیورسٹی آف تربت ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ سوشل سائنسزپروفیسر ڈاکٹر عبدلصبور بلوچ نے کہا کہ یہ امرخوش آئندہے کہ ملک کے دیگریونیورسٹیوں کی طرح تربت یونیورسٹی میں معیاری تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کی کردارسازی،اسپورٹس اور صحت مند ثقافتی سرگرمیوں کا انعقادکیاجاتاہے جس سے طالب علموں کے اندر چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو نمایاں کرانے میں بھرپورمددملے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز یونیورسٹی آف تربت میں سالانہ اسپورٹس ویک کا آغاز کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پریونیورسٹی آف تربت کے ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ سوشل سائنسز اور ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف بلوچی لینگویج اینڈ کلچرپروفیسر ڈاکٹر عبدلصبور بلوچ نے فٹ بال کو کک لگاکر سالانہ اسپورٹس ویک کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پرڈائریکٹر اسپورٹس محمدعیسیٰ کریم، شعبہ کیمسٹری کے چیئرپرسن ڈاکٹرنعیم اللہ، شعبہ پولیٹیکل سائنس کے چیئرمین جمیل احمد، فیکلٹی ممبران شاہ حسین بیبگر بلوچ، شاکرعلی،امیربخش،عبدالجبار،امجدعلی اور عبدا لباسط کے علاوہ دیگراساتذہ کرام اورا سٹاف بھی موجودتھے ۔مختلف تدریسی شعبہ جات کے طلبہ و طالبات ، فیکلٹی ممبران اور اسٹاف کی ٹیمیں سات روز تک جاری رہنے والے کھیلوں مختلف مقابلوں میں حصہ لیں گے، جن میں فٹبال،کرکٹ،والی بال،بیدمنٹن،ٹیبل ٹینس،لانگ جمپ،لڈو،کیرم بورڈ،میوزیکل چیئر،رسہ کشی، چوکی ،لیمن اسپون،شطرنج، ریلے ریس،شاٹ آوٹ تھرو، بوری دوڑ اور اسکریبل کے علاوہ دیگرقومی اورمقامی گیمز شامل ہیں۔اسپورٹس ویک کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ،ان کا کہنا تھا کہ ہمارے طالب علم با صلاحیت اور پرعزم ہے اور کھیلوں کے مقابلوں میں انکی دلچسپی اور یونیورسٹی کیمپس میں گہماگہمی دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔ کھیلوں کے بہترین انتظامات کرنے پر اسپورٹس ویک کے نگران اور ڈائریکٹراسپورٹس محمدعیسیٰ کریم اور انکی ٹیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ڈاکٹر عبدلصبور بلوچ کا کہنا تھا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ اسپورٹس بھی انسانی زندگی کا لازمی حصہ ہے جس سے طالب علموں کی ذہنی طور پر نشوونما ہوتی ہے اور کھیل کے مقابلوں میں حصہ لینے سے وہ جسمانی اور ذہنی طور پر چاک و چوبند اور تروتازہ اور صحت مندرہتے ہیں۔
تعلیم کے ساتھ کھیل بھی زندگی کا حصہ ہے،پروفیسر ڈاکٹر عبدالصبور بلوچ
القمر
