کراچی (اسٹاف رپورٹر) کے ڈی اے پیس انٹر ڈیپارٹمنٹل کرکٹ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں سیکورٹی، ماسٹر پلان اور سیکرٹریٹ ڈپارٹمنٹ کی مشترکہ ٹیم نے اکائونٹس اینڈ فنانس کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ اکاؤنٹس ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 81 رنز پر آل آ ئوٹ ہوگئی۔ قاضی وحید 14اور وجاہت انصاف نے 13 رنز اسکور کیے۔ سیکورٹی سیکرٹریٹ کی جانب سے پیار علی، ارشاد مرتضیٰ، جبران غنی نے 2,2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سیکریٹریٹ و سیکورٹی نے مطلوبہ ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 10 اوورز میں پورا کرلیا۔ اسامہ صدیقی نے 36 اور موتی علی نے 26 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرایا جبکہ اکاؤنٹس کی جانب سے عرفان رضا اور شہاب احمد نے بالترتیب 1,1 کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ کے ڈی اے ایمپلائز یونین کے سرپرست اعلیٰ نوید انور صدیقی نے بحیثیت مہمان خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانی نشوونما کیلئے کھیلوں کا انعقاد ضروری ہے، ماضی میں جس انداز میں کے ڈی اے کے کھلاڑیوں نے ادارے کا نام روشن کیا، ہماری کوشش ہے کہ کے ڈی اے اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کو مزید فعال کر کے اچھے کھلاڑی پیدا کریں تاکہ ادارے کا نام کھیل کے میدان میں روشن ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں اس موقع پر اعلان کرتا ہوں کہ جلد سرفراز احمد اکیڈمی پر کے ڈی اے ایمپلائز یونین کی جانب سے شجر کاری مہم شروع کی جائے گی۔ صدر تقریب جلیل خان نے کہا کہ ہم کھیل اور کھلاڑیوں کی خدمت کرتے رہیں گے۔ ٹورنامنٹ سیکریٹری ایاز منشی، میڈیا کوآرڈینٹر ایم نسیم، اسپورٹس آرگنائزر جلیل خان، طاہر جاوید، دلاور خان اور مجاہد حسین بھی موجود تھے۔
انٹرڈپارٹمنٹل کرکٹ،سیکرٹریٹ ڈپارٹمنٹ کی شاندارفتح
القمر
