English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پی ایس ایل افتتاحی تقریب میں بھارتی فنکاروں کی شرکت ،احسان مانی طلب

القمر

اسلام آباد(آئی این پی)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ نے پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل )کی افتتاحی تقریب میںبھارتی فنکاروں کی شرکت پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔رکن مہرین رزاق بھٹو نے کہا کہ پی ایس ایل افتتاحی تقریب میں ملکی ثقافت کے بجائے غیر ملکی کلچر کو فروغ دیا گیا،تقریب میں بھارتی فنکار وں نے کس حیثیت میں شرکت کی ؟پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں مگرکیوںپاکستانی آرٹسٹ کو آپ پیچھے رکھتے ہیں؟کمیٹی نے اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کی عدم شرکت پربھی شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تنبہہ کی اور چیئرمین پی سی بی کو دوبارہ6مارچ کو طلب کرلیا۔کمیٹی نے ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں احسان مانی ریکارڈ کیساتھ پیش نہ ہوئے تو ان کیخلاف پریس کانفرنس کریں گے ، کمیٹی ایک سال سے احسان مانی کو بلا رہی ہے لیکن وہ پیش نہیں ہورہے، پی سی بی افسران کو دی جانیوالی مراعات اور سہولیات کا ہر صورت جواب دینا ہوگا۔ جمعہ کوقائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین آغا حسن بلوچ کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا۔اجلاس میں کمیٹی ارکان کے علاوہ سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی عدم شرکت پر کمیٹی نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ رکن کمیٹی مہرین رزاق بھٹو نے کہاکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کہاں ہے؟ اجلاس شیڈول کے مطابق ہوتا ہے لیکن احسان مانی طلبی کے باوجود کمیٹی اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ احسان مانی نے درخواست کی ہے کہ وہ پی ایس ایل میں مصروف ہیں، چیئرمین پی سی بی نے آئندہ اجلاس میں شرکت کی یقین دہانی کروائی ہے۔مہران رزاق بھٹو نے کہاکہ ہمیں معلوم ہونا چاہیے کہ پی سی بی حکام کو کتنی مراعات دی جا رہی ہیں؟ پی سی بی نے پی ایس ایل کا اتنا بڑا ایونٹ کروایا اور قائمہ کمیٹی کو پوچھا بھی نہیں، چیئرمین پی سی بی کو قائمہ کمیٹی کو بھی مدعو کرنا چاہیے تھا پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہیں کرتے ہیں ، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین قائمہ کمیٹی کو جواب دہ ہیں۔ کمیٹی ارکان کا کہنا تھا کہ ہم حیران ہیں کہ ان تفصیلات میں اتنی حساسیت کیا ہے 2015میں قائمہ کمیٹی میں پی سی بی کی تفصیلات پیش ہوئی تو اب کیوں نہیں ہو سکتی،چیئرمین پی سی بی اگر آئندہ اجلاس میں نہ آئے تو انکے خلاف پریس کآنفرنس کرینگے ، قائمہ کمیٹی ایک سال سے احسان مانی کو بلا رہے ہیں لیکن وہ پیش نہ ہوے۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے احسان مانی کو 6مارچ کو دوبارہ طلب کر لیا اور چیئرمین پی سی بی سے کہا جائے کہ وہ تمام ریکارڈ کیساتھ قومی اسمبلی بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پیش ہوں۔پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں بھارتی منتظمین کی شرکت پر مہرین رزاق بھٹو نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں ملکی ثقافت کے بجائے غیر ملکی کلچر کو فروغ دیا گیا۔ پی ایس ایل میں بھارتی فنکار وں نے کس حیثیت میں شرکت کی ،پاکستانی آرٹسٹ کو آپ پیچھے رکھتے ہیں، بھارتی فنکاروں کو آپ نے کتنی مراعات دیں، کتنے انسینٹیو دے کر یہاں بلایا ہے؟بتایا جائے،پاکستانی فنکار وں کوبھارت بھیجنے میں بہت ساری قدغنیں ہیں،کوئی شک نہیں کہ آرٹ کلچر کی کوئی سرحد نہیں لیکن پاکستان کی پالیسی کیا ہے، اس صورتحال میں کشمیر کا سوال کہاں جا کر کھڑا ہوتا ہے، وزارت خارجہ کی پالیسی جو کشمیرکے لئے بنائی گئی اس پالیسی کا مذاق بنایا گیا۔نارووال اسپورٹس سٹی منصوبے کی تکمیل کا معاملہ پرقومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے ارکان نے نارووال سپورٹس سٹی منصوبہ مکمل کرنے کی حمایت کر دی اور کہا کہ اتنے اچھے منصوبے کو وزارت مکمل کیوں نہیں کر رہی۔سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ نے کہا کہ وزارت بھی چاہتی ہے کہ نارووال اسپورٹس سٹی منصوبہ مکمل ہو۔ ارکان نے کہاکہ یہ پاکستان کا منصوبہ ہے جسے سیاست کی نظر کیا گیا، اس کے جواب میں سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ کا کہنا تھا کہ ہم اس معاملے پر چیئرمین نیب سے رابطہ کرینگے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے