ہم نے اس ملک کو منڈی بنا دیا ،بہت کچھ کرنا ہے
ہزاروں جامعات اور کالجز تعمیر کئے مگر مقصد کے بنا کچھ حاصل نہیںہوتا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اس ملک کو حاصل کرنے کے لیے بہت سے مقصد تھے ،ہم نے اس ملک کو منڈی بنا دیا ،ہم کو بہت کچھ کرنا ہے،ہزاروں جامعات اور کالجز تعمیر کیے مگر مقصد کے بنا کچھ حاصل نہیںہوتا ،ڈگری والوں کو نہیں بلکہ جن کو آتا ہے ان کو کمپنیز لے لیتی ہیں،پاکستان میں ہر سال 25 ہزار آئی ٹی کے طلبہ پاس آئوٹ ہوتے ہیں،ان 25 ہزار میں سے 5 یا 6 ہزار ایسے ہوتے ہیں جن کو نوکری ملے،مجھے نہیں پتا کہ کراچی کی شاہراہوں پر 4 منزل بنانے کے لیے کتنی رشوت دینی پڑتی ہے ۔ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان کراچی کیمپس کے 11 ویں کانووکیشن کا انعقاد نجی ہوٹل میں منعقد ہوا ،جس میں423 طلباوطالبات کو ڈگریاں، میڈلزاورسرٹیفیکیٹس دیے گئے۔کانووکیشن کے مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی تھے۔ورچوئل یونیورسٹی کے ریکٹر نعیم طارق نے مہمان خصوصی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے ہمراہ طلبا ء و طالبات میں گولڈ میڈل اور اسناد تقسیم کیں۔ریکٹر ورچوئل یونیورسٹی نعیم طارق نے اپنے خطاب میں بتایا کہ گریجویٹ ہونے والوں میں شعبہ کمپیوٹر سائنسز، مینجمنٹ سائنسز،سائنس و ٹیکنالوجی، آرٹس اور ایجوکیشن کے طلبا و طالبات شامل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بی ایس اور بی ایڈ کے 239 طلبا و طالبات، ماسٹر ڈگری پروگرام کے 156 طلبا و طالبات اور ایم فل کے 28 طلبا و طالبات ڈگری حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں۔ 9 طلبا و طالبات کو گولڈ میڈل اور 9 طلبا و طالبات سرٹیفیکیٹس کے اہل ہوئے۔ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان کے ریکٹر نعیم طارق نے مہمان خصوصی اور شرکا ء کو معیار تعلیم کی بہتری کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔کانووکیشن سے ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی نے اپنے خطاب میں کامیاب طلبا و طالبات کو مبارکباد پیش کی اور پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے زور دیا۔آج جو کامیاب ہوئے ان کے لیے دعا گو ہوں۔

