میدان نوجوانوں کی تربیت گاہ، ان کو آباد رکھیں گے، مقامی قیادت کی تجاویز پر عمل کیا جائے گا، صوبائی وزیر اطلاعات
لیاری فٹبال گرائونڈ کیلئے 10 کروڑ کی اسکیم دی جاے گی، مزید فلٹر پلانٹس لگائیں گے، فٹبال ٹورنامنٹ میں خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصرحسین شاہ نے کہا ہے کہ لیاری کو نئی ترقیاتی اسکیمیں دی جارہی ہیں، میدان نوجوانوں کی تربیت گاہ ہوتے ہیں ان کو آباد رکھیں گے ، کھیل کے میدانوں سے بڑے بڑے ناموں نے جنم لیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاری فٹبال اسٹیڈیم میں جاری آل کراچی فٹبال ٹورنامنٹ میں شرکت کے بعد اپنے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمرا ممبر قومی اسمبلی ارشاد خان سیال ، وزیر اعلیٰ کے کوآرڈینیٹر شہزاد میمن اور لیاری کی مقامی قیادت بھی موجود تھی۔ صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ گرا?نڈ کے لئے مقامی قیادت کی جانب سے دی گئی تجاویز پر عمل کیا جائے گا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر لیاری فٹبال گرائونڈ کے لئے 10 کروڑ روپے کی اسکیم دی جائے گی۔ اسکیم سے گرائونڈمیں آرٹیفشل ٹرف (مصنوعی گھاس) گرائونڈ کی مرمت اور خوبصورتی کا کام کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لیاری کے لئے نئی ڈیولپمنٹ اسکیمیں دی جارہی ہیں اور پینے کے پانی کے فلٹر پلانٹس کو جلد مرمت کرکے استعمال کے لئے کھول دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقے میں مزید پانی کے فلٹر پلانٹس لگائے جائیں گے ، ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں کی مرمت بھی شروع کی جارہی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ گراؤنڈ نوجوانوں کی تربیت گاہ ہوتے ہیں ان کو آباد رکھیں گے ، کھیل کے میدانوں سے بڑے بڑے ناموں نے جنم لیا ہے۔ ناصر حسین شاہ نے آل کراچی فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کے اختتام پر ونر اور رنر ازپ ٹیموں میں انعامات اور نقد رقم تقسیم کی۔

