نواز لیگ نے تحریک انصاف کی حکومت کو اپنی مدت پوری کرنے کا موقع دینے کا فیصلہ کر لیا
شریف برادران حکومت گرا کر عمران خان کو سیاسی شہید نہیں بننے دینا چاہتے، ذرائع
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) نواز لیگ نے مرکز یا صوبے میں کسی بھی ’’اِن ہائوس‘‘ تبدیلی کا حصہ نہ بننے اور تحریک انصاف کو اپنی مدت پوری کرنے کا موقع دینے کا فیصلہ کر لیا اور اس بات کو قائدین نے اپوزیشن جماعتوں کے رہنمائوں اور اپنے ’’دوستوں‘‘ پر بھی واضح کر دیا۔ ذمہ دار ذرائع کے مطابق نواز شریف اور شہباز شریف سے کچھ لوگوں نے مرکز اور صوبے میں ان ہائوس تبدیلی کے معاملے پر ان کی خواہش پوچھی توو انہوں نے رابطہ کار پر واضح کر دیا کہ اگر عمران خان کی مرکز یا صوبے میں کسی بھی صورت میں حکومت فارغ کی گئی تو اس سے عمران خان کے پاس قوم کو دوبارہ ’’طفل تسلیاں‘‘ دینے کے مواقع مل جائیں گے اور وہ سیاسی شہید بن جائیں گے، اس لیے ہمارا متفقہ اور حتمی فیصلہ ہے کہ پیپلز پارٹی سمیت اپوزیشن کے کسی بھی ان ہائوس تبدیلی کے ایجنڈے کا حصہ بنیں گے نہ ہی ہمیں پنجاب میں حکومت بنانے میں دلچسپی ہے۔ ذرائع کے مطابق (ن) لیگ کا یہ پیغام اعلیٰ حکومتی اور دیگر شخصیات تک بھی پہنچ چکا ہے۔

