نارتھ ناظم آباد نیاز منزل کی 12 سالہ صبا کے اہل خانہ نے زیر حراست شخص کو چھوڑنے پر بھی احتجاج کیا
مغوی صبا گھر سے ناشتہ لینے نکلی تھی، اقبال نامی شخص نے اغواء کیا ہے، اہل خانہ کا الزام
کراچی (اسٹاف رپورٹر) نارتھ کراچی سے نو عمر لڑکی کے مبینہ اغوا کا مقدمہ درج نہ کرنے اور زیر حراست شخص کو چھوڑنے پر اہل خانہ نے تیموریہ تھانے کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جس کے باعث ٹریفک کی روانی میں شدید خلل واقع ہوا، تفصیلات کے مطابق تیموریہ کے علاقے نارتھ ناظم آباد نیاز منزل سے 12سالہ صبا کے مبینہ اغوا کا مقدمہ درج نہ کرنے پر اہل خانہ کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اس موقع پر لڑکی کے اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ صبا گھر سے ناشتہ لینے نکلی تھی کہ اقبال نامی شخص نے اغوا کیا ہے اور اس حوالے سے پولیس سے شکایت کی تو انہوں نے نہ صرف مقدمہ درج کرنے میں ٹال مٹول سے کام لیا بلکہ حراست میں لیے جانے والے شخص کو بھی چھوڑ دیا ، تیموریہ تھانے کے باہر احتجاج کرنے والوں نے پولیس کے خلاف نعرے لگائے، پولیس کا کہنا ہے کہ ایک ہی برادری کے 2خاندانوں میں جھگڑا چل رہا ہے۔

