ساحلوں کے قرب و جوار میں رہنے والوں کو تربیت اور آگاہی کی ضرورت ہے، ڈی جی میٹ ڈاکٹر محمد ریاض
بحیرہ عرب میں کئی میٹر بلند لہریں 5 سے 10 منٹ میں پاکستانی ساحلوں سے ٹکراسکتی ہیں، ورکشاپ سے خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈی جی میٹ ڈاکٹر محمد ریاض نے کہا ہے کہ پاکستان کی ساحلی پٹی پر سونامی کے نتیجے میں ناقابل تلافی تباہی پھیل سکتی ہے، ساحلوں کے قرب و جوار میں رہنے والوں کو تربیت اور آگاہی کی ضرورت ہے۔ مقامی ہوٹل میں یو این ڈی پی کے زیراہتمام سونامی سے بچائو کے حوالے سے ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب میں ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات ڈاکٹر محمد ریاض کا کہنا تھا کہ مکران کے ساحل پر سونامی کے نتیجے میں بلوچستان کے ساحلی علاقے زیادہ متاثر ہوں گے، بحیرہ عرب میں سونامی کے نتیجے میں بلند ہونے والی کئی میٹر بلند لہریں 5 سے 10 منٹ میں پاکستانی ساحلوں سے ٹکرا سکتی ہیں، ڈی جی محکمہ موسمیات کا مزید کہنا تھا کہ سونامی کے حوالے سے ساحلی بستیوں اور شہروں کے رہنے والوں کی تربیت اور آگاہی کی ضرورت ہے، ورکشاپ میں محکمہ موسمیات، ہلال احمر سوسائٹی، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، ایران، جاپان سمیت دیگر غیر ملکی ماہرین شریک ہوئے۔

