مظاہرین کی جانب سے پتھرائو ٗ لاٹھی اور ڈنڈوں سے حملہ اسسٹنٹ مختار کار اور تپیدار اور پولیس اہلکار نشانہ بنے
علاقہ میدان جنگ بن گیا ٗ واقع کا مقدمہ درج کرکے 26ودیگر افرد کو نامزد کردیا کوئی گرفتار ی عمل میں نہ آسکی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) گھگھر پھاٹک کے قریب تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی، اس موقع پر ہونے والی ہنگامہ آرائی کی وجہ سے علاقہ میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا، کارروائی کے دوران مظاہرین کی جانب سے پتھرائو، لاٹھی اور ڈنڈوں سے حملہ کیا گی جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ مختار کار، تپہ دار اور پولیس اہلکار سمیت نصف درجن سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ انسداد دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت 26 نامزد اور دیگر درجنوں افراد کے خلاف درج کرلیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹائون کے علاقے گھگھر پھاٹک کے قریب انسداد تجاوزات کا عملہ جیسے ہی سرکاری اراضی پر قائم تجاوزات کو مسمار کرنے کے لیے پہنچا اس دوران علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد گھروں سے باہر نکل آئی اور شدید ہنگامہ آرائی شروع کر دی جس کے باعث علاقہ میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا اس دوران لاٹھی، ڈنڈے اور پتھر لگنے سے اسسٹنٹ مختار کار، تپہ دار اور پولیس افسر و اہلکاروں سمیت نصف درجن سے زائد افراد زخمی ہوگئے اس حوالے سے اسٹیل ٹائون پولیس نے عاشق حسین کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 123/2020 بجرم دفعات 147، 148، 149، 324، 353، 427 اور انسداد دہشت گردی کی دفعہ ATA-7 کے تحت 26 نامزد سمیت دیگر صورت شناس کے خلاف درج کرلیا، مدعی مقدمہ کا کہنا ہے کہ وہ مختار کار بن قاسم میں بحیثیت تپیدار ملازم ہوں اور ڈپٹی کمشنر ضلع ملیر کی زیر نگرانی دیگر ماتحت عملے اور پولیس کی نفری کے ہمراہ سرکاری اراضی پر قائم تجاوزات کو مسمار کر رہے تھے کہ اس دوران 150 سے 200 کے قریب افراد جن کے ہاتھوں میں لاٹھی اور ڈنڈوں کے علاوہ کچھ اسلحہ سے بھی مسلح تھے حملہ کر دیا، ہنگامہ آرائی کے دوران انسداد تجاوزات کا عملہ جان بچا کر موقع سے بھاگنے پر مجبور ہوگیا جبکہ زخمی ہونے والوں کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال لے جایا گیا۔

