زریاب میرج ہال، حنین گرائونڈ، شاہی قلعہ لان اور بلقیس میرج ہال ڈیمالیشن اسکواڈ کی زَد میں آگئے
کراچی (اے پی پی) ایس بی سی اے کی بڑی کارروائیوں میں 4 غیر قانونی شادی ہالز سمیت مختلف غیر قانونی تعمیرات کو منہدم و سربمہر کر دیا گیا۔ منگل کو جاری اعلامیے کے مطابق ڈیمالیشن اسکواڈ کی ٹیم نے ملیر ٹائون میں زریاب میرج ہال، حنین گرائونڈ، شاہی قلعہ لان اور بلقیس میرج ہال کھوکھراپار سمیت چار غیر قانونی شادی ہالز کو مکمل منہدم کر دیا۔ ڈیمالیشن اسکواڈ کی ٹیم نے جمشید ٹائون میں پلاٹ نمبر R-58 بلاک 6 پی ای سی ایچ ایس پر تیسری منزل کی پارٹیشن دیواروں اور آر سی سی چھت، پلاٹ نمبر B-196 خداداد کالونی پر تیسری منزل کی پریکاسٹ چھت، پلاٹ نمبر 448 عامل کالونی پر گرائونڈ پلس تیسری منزل تک پارٹیشن دیواروں اور سامنے کی جانب کی تعمیرات اور لازمی کھلی جگہ کی خلاف ورزی پر پلاٹ نمبر 712/9 فاطمہ جناح کالونی پر سامنے کی جانب اور پلاٹ نمبر 52 سولجر بازار کے گرائونڈ فلور کی تعمیرات کو منہدم کر دیا۔ جبکہ پلاٹ نمبر 10 بلاک 8، 78 ایم سی ایچ ایس پر استعمال اراضی کے زمرے میں غیر قانونی تعمیرات کو سربمہر کر دیا گیا۔ گارڈن ویسٹ میں پلاٹ نمبر 12-GRW گرائونڈ فلور کی آر سی سی چھت، پلاٹ نمبر 26-GRW پر ساتویں منزل کی پارٹیشن دیواروں کو منہدم کر دیا جبکہ کلفٹن کے علاقے میں پلاٹ نمبر BC-09 بلاک 5 پر غیر قانونی 4 دکانوں کو سربمہر کر دیا گیا۔ اورنگی ٹائون میں پلاٹ نمبر D-87 سیکٹر 11 پر دعا وی آئی پی پیلس نامی شادی ہال سمیت دکانوں اور پلاٹ نمبر ST-01، 13-H پر غیر قانونی بکنگ آفس کی تعمیرات کو منہدم کر دیا۔

