الائیڈ سنیما کے پیچھے ایک وسیع پلاٹ ، ایکسائز آفس اور ایک سرکاری بینک کا آفس بھی نجی طورپرلیز پر دیا گیا ہے
اربوں روپے کی زمین قواعد و ضوابط کی دھجیاں اُڑاتے ہوئے لیز پر دی گئی، محکمہ اینٹی کرپشن کی تحقیقات جاری
حیدرآباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں کروڑوں روپے کے گھپلوں کا انکشاف، اربوں روپے کی زمین قواعد و ضوابط کی دھجیاں اُڑاتے ہوئے لیز پر دی گئیں، اینٹی کرپشن کی تحقیقات جاری، اوپن انکوائری کیلئے لیٹر بھی لکھ دیا، مکینکل انجینئر ارشد سعید ڈائریکٹر ہیلتھ کے عہدے پر براجمان، تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں قواعد و ضوابط کی دھجیاں اڑا دیں گئیں ہیں، روزنامہ جرأت کو ملنے والے دستاویزات کے مطابق سندھ کے دوسری بڑے شہر کی میونسپل کارپوریشن نے اربوں روپے کی زمین غیرقانونی طور لیز پر دیدی ہے، ملنے والی معلومات کے مطابق تعلقہ سٹی میں ہل پرائمری اسکول کے کھیلوں کا میدان، نیو کلاتھ مارکیٹ میں ایک نجی بینک کی زمین اور گوشت مارکیٹ قواعد و ضوابط کے برعکس لیز کی گئی، ٹاور مارکیٹ اور تانگا اسٹینڈ کی زمین لیز پر ایک بلڈر کے حوالے کی گئی، جبکہ گول بلڈنگ میں ایکسائز آفس اور ایک سرکاری بینک کا آفس بھی نجی طورلیز پر دیا گیا، جبکہ الائیڈ سنیما کے پیچھے موجود ایک وسیع پلاٹ کو بھی لیز پر دیا گیا، ملنے والی معلومات کے مطابق ٹیکس وصولی میں کروڑوں روپے کے گھپلوں کا انکشاف ہوا ہے، اس حوالے سے اینٹی کرپشن کی جانب سے جاری تحقیقات میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ٹیکس میں گھپلے مارنے کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں دکان الاٹ کرنے، غیرقانونی پارکنگ کی قیام اور بڑے ہورڈنگ بورڈز کے ٹھیکے دینے میں بھی خرد برد کی گئی ہے، جبکہ ڈیزل اور پیٹرول کے مد میں بھی کروڑوں روپے کی کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔

