اسلام آباد(جسارت نیوز) سابق آسٹریلوی آل رائونڈر شین واٹسن نے کہا ہے کہ پاکستان میں خود کو دنیا کے کسی بھی ملک سے زیادہ محفوظ خیال کرتا ہوں۔اپنے ایک انٹرویو میں شین واٹسن نے کہا کہ میرے لیے پاکستان کا دورہ ہمیشہ خوشگوار تجربہ رہا ہے،2005میں یہاں آیا تو 24سال کا تھا، اس وقت سے اب تک عوام کی محبت میں کوئی کمی نہیں آئی،صرف کراچی اور دیگر شہروں میں ہی نہیں بیرون ملک بھی پاکستانی شائقین بڑا پیار دیتے ہیں، اس بار بھی کرائوڈ بہت شاندار اور لوگ بڑی گرمجوشی سے روایتی مہمان نوازی کررہے ہیں۔ ایک سوال پرکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آل رائونڈر نے کہا کہ میں پاکستان میں خود کو دنیا کے کسی بھی ملک سے زیادہ محفوظ سمجھتا ہوں،انٹرنیشنل میچز کو ترسے ہوئے کرکٹ سے بے پناہ محبت کرنے والے شائقین کھلاڑیوں کو اپنے میدانوں پر ایکشن میں دیکھنا چاہتے ہیں،کینگروز کو بھی پاکستان کا دورہ کرنے میں کوئی امر مانع نہیں ہونا چاہیے ۔شین واٹسن نے پی ایس ایل میں فاسٹ بولنگ کے معیار کو بے مثال قرار دے دیا،انھوں نے کہاکہ قطعی طور پر یہ آسان لیگ نہیں ہے،خاص طور پر فاسٹ بولنگ میں دنیا کی کوئی اور ٹی ٹوئنٹی لیگ اس کا مقابلہ نہیں کرسکتی، ہر ٹیم کے پاس 150کی رفتار سے بولنگ کرنے والے 1یا 2 پیسرز موجود ہیں، اسپن بولنگ بھی عالمی معیار کی ہے، فرنچائز ٹورنامنٹس میں شائقین کی دلچسپی برقرار رکھنے کیلیے اسی طرح کی چیزیں درکار ہوتی ہیں، دیگر ملکوں میں بھی کرکٹ میچز دیکھنے والے پی ایس ایل کے مقابلوں میں گہری دلچسپی لیتے ہیں۔