وفاق اسپتال نہیں لے رہا، یہ اسپتال محکمہ صحت سندھ کی بڑی کامیابی ہے،عذرا پیچوہو
سندھ نے ہمیشہ خدمت کی ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا‘ وفاق کے فیصلے کا خیر مقدم
کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر قائد کے 3 اسپتالوں کے انتظامی معاملات کی منتقلی پر وفاقی حکومت نے پھر یو ٹرن لے لیا ہے۔کراچی میں جناح اسپتال، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیولوجی اینڈ ویسکیولر ڈیزیز کا انتظام صوبے سے وفاق کو منتقل کے معاملے پر پی ٹی آئی کی حکومت نے ایک مرتبہ پھر یو ٹرن لے لیا ہے۔ وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ یہ تینوں اسپتال سندھ حکومت کے ماتحت ہی رہیں گے۔ دوسری جانب وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو نے وفاق کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ وفاق ہم سے اسپتال نہیں لے رہا، یہ تینوں اسپتال محکمہ صحت سندھ کی سب سے بڑی کامیابی ہے، سندھ نے ہمیشہ خدمت کی ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔واضح رہے کہ 18 ویں ترمیم کے بعد ان تینوں اسپتالوں کے انتظامی معاملات وفاق سے سندھ کو منتقل ہوگئے تھے تاہم سپریم کورٹ نے انہیں دوبارہ وفاق کے سپرد کرنے کا حکم دیا تھا۔

