سندھ میں محفوظ انتقال خون کو یقینی بنانے کیلئے بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کی کوششیں جاری ہیں، ڈاکٹر ورناز جمال
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ میں گزشتہ سال 24 غیر معیاری و غیر رجسٹرڈ بلڈ بینکوں کو بند کرکے 15 بلڈ بینکوں کو عارضی رجسٹریشن دی گئی، سندھ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر درناز جمال نے کہا ہے کہ سندھ میں محفوظ انتقال خون کو یقینی بنانے کے لیے اتھارٹی کی کوششیں جاری ہیں اور گزشتہ سال بھی پورے سندھ کے بلڈ بینکوں کی نگرانی جاری رہی ہے، انہوں نے بتایا کہ 2019ء میں سرویلنس کے دوران 14 ایسے رجسٹرڈ بلڈ بینک سامنے آئے جنہوں نے اپنا معیار برقرار نہیں رکھا تھا جس پر ان کی رجسٹریشن معطل کرکے انہیں سیل کر دیا۔ سندھ میں خون کی بڑھتی ہوئی ضرورت پر نئے بلڈ بینکوں نے رجسٹریشن کے لیے رابطہ کیا تھا جس پر کراچی میں 12، لاڑکانہ میں 2 جبکہ میہڑ دادو میں ایک بلڈ بینک کو عارضی رجسٹریشن دی گئی، ڈاکٹر درناز جمال کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو کی صدارت میں بہت جلد اتھارٹی کا اجلاس ہوگا۔

